مساجد میں شبِ برات اور نمازِ تراویح بھی محدود کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا

پنجاب میں شب برأت اور نماز تراویح گھروں میں ادا کرنے کی تلقین کردی گئی, سیکریٹری اوقاف کا ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو مراسلہ ارسال کردیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 5 اپریل 2020 16:55

مساجد میں شبِ برات اور نمازِ تراویح بھی محدود کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 اپریل2020ء) مساجد میں شبِ برات اور نمازِ تراویح بھی محدود کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت نے صوبے میں شب برأت اور نماز تراویح گھروں میں ادا کرنے کی تلقین کردی ہے۔ سیکریٹری اوقاف نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو مراسلہ ارسال کردیا ہے۔ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اور خدشات کے پیش نظرشب برأت اور نماز تراویح سےمتعلق مراسلہ جاری کردیا گیا۔

جاری کردہ مراسلے کے مطابق مساجد میں پانچ افراد نماز تراویح ادا کریں گے،شب بارات پر بھی گھروں میں رہ کر عبادات کی جائیں،وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا, اجلاس میں خطیب داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی اورخطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد سمیت دیگر مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لئے پنجاب حکومت نے نماز جمعہ کے اجتماعات پر بھی پابندی عائد کی ہوئی ہے،ایوان وزیر اعلیٰ سمیت تمام سرکاری مساجد میں بھی صرف خطیب اور موذن ہی نماز جمعہ ادا کر سکیں گے،مساجد میں پانچ سے زیادہ افراد نماز جمعہ ادا کرنے پر پابندی ہے, نماز جمعہ کی ادائیگی سےمتعلق پنجاب حکومت نے باہمی مشاورت اور علماء کرام،طبی ماہرین کی ہدایات کی روشنی میں یہ فیصلہ کیا تھا. دوسری جانب موجودہ ملکی حالات میں کورونا وائرس کے باعث حکومت وقت نے نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے 5افراد کی جوشرط رکھی ہے اس پر دارالافتاء جامعہ نعیمیہ کی طرف سے شرعی فتوی جاری کیا گیا تھا،جس میں کہا گیا کورونا وائرس سے بچاؤکے لئے سماجی دوری اختیار کی جائے اور افراد کا اکٹھ نہیں ہونا چاہیے۔