لالہ موسیٰ، محلہ خانکے کوان لاک کر دیا گیا، اہل علاقہ کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت

اتوار 5 اپریل 2020 18:10

لالہ موسیٰ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2020ء) ضلعی انتظامیہ نے ضلع گجرات میں کرونا کے پہلے مریض بشارت سکنہ شادیوال کے رہائشی محلہ خانکے کوان لاک کر دیا ہے، تاہم اہل علاقہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ حکومتی ہدایات کے مطابق خود کو گھروں تک محدود رکھیں کرونا وبا سے خود کو محفوظ رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد کی منظوری کے بعد اے سی گجرات محمد جمیل نے اپنی نگرانی میں کرونا وائرس کے پہلے مریض بشارت اور اسکے بیٹے ہمیش کے رہائشی محلہ خانکے کو ان لاک کرایا اور اپنی نگرانی میں تمام رکاوٹیں ختم کرا دیں۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے بتایا کہ بشارت اور ہمیش کے رہائشی علاقہ خانکے کو 16 مارچ سے لاک کیا گیا تھا ، مردم شماری بلاک 171260204میں واقع محلہ خانکے کے 30 گھرانے مکمل لاک ڈاون تھے اور انکے 150 مکینوں کو گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں تھی جبکہ انہیں انتظامیہ اپنی نگرانی میں اشیاء خورد و نوش فراہم کرتی رہی ہے تاہم محلہ خانکے کے 294 گھرانے جزوی طور پر لاک تھے اور انکے 1895 مکینوں کو محدود نقل و حرکت اور یہاں پھلوں، سبزیوں، کاروباری افراد کو داخلے کی اجازت تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ محلہ خانکے شادیوال کو ان لاک کرنے سے قبل تمام افراد کی سکریننگ کی گئی ہے اور مزید کسی فرد میں کرونا وائرس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔