سعودی عرب میں کورونا کے مزید 206 نئے کیسز رپورٹ

سعودی عرب میں مجموعی کیسزکی تعداد 2385 ہوگئی، مہلک وباء سے مزید 5 افراد انتقال کرگئے،جبکہ 488 مریض مکمل صحتیاب ہوگئے ہیں۔ عرب نیوز

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 5 اپریل 2020 18:50

سعودی عرب میں کورونا کے مزید 206 نئے کیسز رپورٹ
جدہ (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اپریل 2020ء) سعودی عرب میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا وائرس کے 206 نئے کیسزسامنے آگئے، جس کے ساتھ مجموعی کیسز کی تعداد2385 ہوگئی ہے، مہلک کورونا وائرس سے مزید 5 مریض انتقال کرگئے ہیں۔ عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب میں سخت پابندیوں اور لاک ڈاؤن کے باعث کورونا وائرس تیزی سے پھیلتا جا رہا ہے۔ نئے اعدادوشمار میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا وائرس کے مزید 206 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

نئے کیسز کے ساتھ سعودی عرب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 2385 ہوگئی ہے۔ وائرس سے مزید 5افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں، جس سے اموات کی تعداد34 ہوگئی ہے۔ لیکن حوصلہ افزاء بات یہ ہے کہ سعودی عرب میں متاثرہ مریضوں میں488 افراد مکمل صحت یاب ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

سعودی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاوٴ کو روکنے کیلئے انتہائی سخت اقدامات اٹھائے گئے ہیں، مختلف شہروں میں لاک ڈاؤن کے ساتھ مزید پابندیاں بھی عائد کی جارہی ہیں۔

جدہ گورنری کے سات علاقوں کو کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے قرنطینہ کردیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں کیلو14 شمال ، کیلو14 جنوب ،المہاجر ، غلیل ، القریات ،کیلو 13 اور بیترومین شامل ہیں۔ان علاقوں میں پہلے ہی کرفیو نافذ ہے۔ دوسری جانب سعودی وزارت داخلہ کی طرف سے وضع کردہ طریقہ کار کے تحت دن بھر کے کرفیو کے باوجود بعض سرگرمیاں مخصوص اوقات میں جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔

نئے میکا نزم کے مطابق فوڈ سیکٹر جن میں کیٹرنگ ، سپر مارکیٹ ، سبزی اور مرغی کی دکانیں ، گوشت ، بیکری اور خوراک کا سامان تیار کرنے والی فیکٹریوں کو کام کی اجازت ہوگی۔ صحت کے سے وابستہ افراد، فارمیسی، میڈیکل کلینک،ڈسپنسری، اسپتال ، لیبارٹریز ،دوا ساز فیکٹریاں اور طبی آلات تیار کرنے والے کار خانے مخصوص اوقات میں کار جاری رکھیں گے۔