سعودی وزارت حج کی زیرنگرانی کرونا وائرس سے محفوظ ترک عمرہ زائرین کی واپسی

عمرہ زائرین کو کرونا کے خطرے کے پیش نظر 14 دن کے حفاظتی دورانیے سے گذارا گیا،اڈے پر سخت حفاظتی انتظامات

پیر 6 اپریل 2020 12:01

سعودی وزارت حج کی زیرنگرانی کرونا وائرس سے محفوظ ترک عمرہ زائرین کی ..
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2020ء) سعودی عرب کی وزارت حج کی زیر نگرانی عمرہ کی ادائی کے لیے آئے 366 ترک زائرین کو ان کے ملک واپس روانہ کردیا گیا۔عرب ٹی وی کے مطابق ترک عمرہ زائرین کی واپسی جدہ کے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے سے خصوصی پروازوں کے ذریعے عمل میں لائی گئی۔وزارت حج و عمرہ اور وزارت صحت کے درمیان باہمی تعاون سے غیرملکی عمرہ زائرین کی واپسی عمل میں لائی گئی۔

(جاری ہے)

ترکی اور دوسرے ملکوں کے عمرہ زائرین کی ان کے ملکوں کو واپسی سے قبل ان کا مکمل طبی معائنہ کیا گیا جب کہ ہوائی اڈوں پر بھی حفظان صحت کے تمام انتظامات کیے گئے تھے۔واپس بھیجے جانے والے عمرہ زائرین کو کرونا کے خطرے کے پیش نظر 14 دن کے حفاظتی دورانیے سے گذارا گیا۔ اس دوران ان کے کرونا کے ٹیسٹ کرائے گئے اور ٹیسٹ منفی آنے کے بعد انہیں واپس بھیجنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

وزارت حج وعمرہ کا کہنا تھا کہ کرونا کی وباء پھیلنے سے قبل سعودی عرب آنے والے غیرملکی عمرہ زائرین کی وطن واپسی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ سعودی عرب میں پھنسے غیرملکی عمرہ زائرین کو واپس بھیجا جائے گا۔ غیرملکی عمرہ زائرین کی باعزت واپسی کے ساتھ ساتھ انہیں ہرممکن طبی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔