استنبول سے آنے والے 22 مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق

مسافروں کو اسلام آباد کے تین ہوٹلوں میں قرنطینہ کر دیا گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 6 اپریل 2020 12:47

استنبول سے آنے والے 22 مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2020ء) استنبول سے آنے والے 22 مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق ترکی کے شہر استنبول سے 193 مسافر قومی ائیر لائن کی پرواز سے گذشتہ روز وطن پہنچے تھے جن کے ٹیسٹ کیے گئے تو 22 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے جس پر انہیں اسلام آباد کے تین ہوٹلوں میں قرنطینہ کر دیا گیا،سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بین الاقوامی پروازوں کے لیے نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق مسافروں اور جہاز کے عملے کو 24 گھنٹوں کے لیے لازمی قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

300سے زائد مسافر گزشتہ روز پی آئی اے کی خصوصی پرواز ٹورنٹو اور استنبول سے اسلام آباد پہنچے تھے۔ایئرپورٹ ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد پہنچے والے مسافروں کو ایئرپورٹ سے ہوٹل لے جایا گیا تھا جہاں ان کے ٹیسٹ ہوئے جس میں ذرائع نے دعویٰ کیا کہ 25 مسافروں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

(جاری ہے)

اتنی بڑی تعداد میں مسافروں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ہیلتھ ملازمین کا ٹیسٹ اور امیگریشن، اے ایس ایف اور سی ایاے سمیت دیگر فرنٹ لائن پر کام کرنے والے دیگر ملازمین کا بھی کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔

قبل ازیں ٹورنٹو سے وطن واپس آنے والے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے 2 پائلٹس میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔دونوں متاثرہ پائلٹس کو لاہور کے نجی اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔پی آئی اے کا یہ عملہ ٹورنٹو سے پرواز لے کر وطن واپس پہنچا تھا۔عملے میں کرونا وائرس کی کچھ علامات سامنے آئی تھی۔ محکمہ صحت کی جانب سے سے پی آئی اے کے دو پائلٹس اور عملے کے دیگر ارکان کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے تھے۔دونوں پائلٹس کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد لاہور کے نجی اسپتال میں منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت بہتر ہے۔جبکہ عملے کے باقی تین ارکان کو بھی الگ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ق