حکومت نے کم وسائل کے باوجود بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا، بحیثیت قوم کورونا کو ہم نے شکست دینی ہے،عمر ایوب

پیر 6 اپریل 2020 13:21

حکومت نے کم وسائل کے باوجود بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا، بحیثیت قوم ..
ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2020ء) عالمی وبائی صورتحال کے پیش نظر مشکل حالات کی صورت میں ملک کو بہت بڑے چیلینج کا سامنا ہے، حکومت نے کم وسائل کے باوجود تاریخ کے سب سے بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے، ہم نے بحیثیت قوم ان حالات سے مقابلہ کر کے وبائی صورتحال کو شکست دینی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر توانائی، پٹرولیم و قدرتی وسائل عمر ایوب خان نے ٹی آئی پی ہری پور کالونی میں قائم قرنطینہ مرکز کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر عمر ایوب خان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر اور دیگر متعلقہ ضلعی افسران بھی موجود تھے جنہوں نے قرنطینہ مرکز میں دستیاب سہولیات کے بارے میں وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ کسی بھی ہنگامی صورت سے نمٹنے کیلئے ضلعی سطح پر قائم قرنطینہ مراکز میں متعلقہ سٹاف سمیت تمام تر طبی سہولیات موجود ہیں جبکہ اس موقع پر انہوں نے عالمی وبائی صورتحال پر بات چیت کرتے ہوئے کہا الله کا شکر ہے کہ پاکستان میں صورتحال اب بھی دنیا کے دیگر کئی ممالک کے مقابلہ میں کافی حد تک بہترہے البتہ مشکل صورتحال سے نمٹنے کیلئے ملک بھر کے دیگر شہروں سمیت ضلع ہری پور میں بھی قرنطینہ مراکز کا قیام ناگزیر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کے بڑے بڑے ترقی یافتہ ممالک وبائی صورتحال کے پیش نظر سخت مشکلات سے دوچار ہیں، ہمیں بحیثیت قوم اس وبائی صورتحال پر قابو پانے کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے وبائی صورتحال کے پیش نظر اہم اقدامات اٹھانے کے ساتھ غیور عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے تاریخ کے سب سے بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے، ہمیں حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کورونا وائرس سے بچنے کیلئے سنجیدگی سے احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے وبائی صورتحال کو کنٹرول کرنا ہے۔ وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے قبل از وقت تمام طبی سہولیات سے آراستہ قرنطینہ سنٹر کے قیام پر اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ محکموں اور افسران کی کارکردگی کو سراہا ہے۔