شاہ سلمان کی شوریٰ کونسل کا اجلاس ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کرنے کی ہدایت

سعودی شوریٰ کا ورچوئل اجلاس چیئرمین عبداللہ بن محمد بن ابراہیم کی زیرصدارت آج ہوگا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 6 اپریل 2020 12:56

شاہ سلمان کی شوریٰ کونسل کا اجلاس ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کرنے کی ہدایت
ریاض(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔06 اپریل۔2020ء) خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے شوریٰ کونسل اور اس کی ذیلی کمیٹیوں کے اجلاس ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقد کرنے کی ہدایت کی ہے. شاہ سلمان کی طرف سے شوریٰ کونسل کے اجلاس اور ذیلی کمیٹیوں کے ویڈیو اجلاسوں کے انعقاد کی ہدایت اس لیے دی گئی تاکہ کرونا کے بحران میں شوریٰ کونسل اپنی آئینی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے ساتھ خود کو کرونا کی وباءسے محفوظ رکھ سکے.

سعودی نشریاتی ادارے کے مطابق آج پیر کے روز شوریٰ کونسل کا ورچوئل اجلاس چیئرمین شوریٰ کونسل الشیخ عبداللہ بن محمد بن ابراہیم آل الشیخ کی زیرصدارت منعقد ہوگا آج کے اجلاس کے ایجنڈے میں مالیاتی کمیٹی کی سفارشات پر رائے شماری اور مالیاتی کمیٹی کی سالانہ رپورٹ پر غور شامل ہے. مالیاتی امور پرغور کے بعد آج کے اجلاس میں مذہبی اور عدالتی امور سے متعلق کمیٹی کی سالانہ رپورٹ پربھی غور کیا جائے گا اجلاس میں ثقافت واطلاعات، سیاحت اور آثار قدیمہ سے متعلق سالانہ رپورٹس پر بھی غور کیا جائے گا.

یاد رہے کہ گزشتہ روز شاہ سلمان بن عبدالعزیزنے وزیر خارجہ کو کرونا وائرس کی وَبا پھیلنے کے بعد بیرون ملک پھنسے ہوئے اپنے شہریوں کو واپس لانے کے لیے طریق کار وضع کرنے کی ہدایت کی تھی. شاہ سلمان نے اس ضمن میں ایک فرمان کے تحت بیرون ملک سے سعودی شہریوں کو واپس لانے کا حکم دیا تھااس فرمان میں کہا گیاتھا کہ کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں پھنسے ہوئے شہریوں کی واپسی کو ترجیح دی جائے.

سعودی وزارت خارجہ نے اس سلسلے میں ایک ہاٹ لائن نمبر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس پر بیرون ملک پھنسے ہوئے سعودی شہری رابطہ کرکے واپسی کے میکانزم کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں سعودی عرب نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مارچ کے اوائل میں39 ممالک کے لیے اپنی پروازیں معطل کردی تھیںان میں یورپی یونین کے رکن ممالک ، سوئٹزر لینڈ ،بھارت ، پاکستان ، سری لنکا، فلپائن ، سوڈان ، ایتھوپیا،جنوبی سوڈان ، اریٹریا ، کینیا ، جیبوتی اور صومالیہ شامل ہیں. سعودی عرب نے اس کے بعد 9 مارچ کو عمان ، فرانس ، جرمنی ، ترکی ، اسپین ، متحدہ عرب امارات ، کویت ، بحرین ، لبنان ، شام ، عراق ،مصر ، اٹلی اور جنوبی کوریا کے لیے پروازوں کی آمد ورفت معطل کردی تھیں.