ملک میں 3800 وینٹی لیٹر موجود،9 اپریل کو مزید 500 پہنچ جائیں گے، چین سے مزید 2 ہزار منگوائے جائیں گے،

ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف کے لیے 29 ہزار حفاظتی کٹس صوبوں کو مہیا کر دی گئی ہیں، کورونا وائرس پر پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ

پیر 6 اپریل 2020 14:45

ملک میں 3800 وینٹی لیٹر موجود،9 اپریل کو مزید 500 پہنچ جائیں گے، چین سے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2020ء) کورونا وائرس پر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس پیرکوسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، راجہ پرویز اشرف، شبلی فراز وزیر خزانہ حماد اظہر، شیخ رشید سینیٹر مشاہد اللہ، غفور حیدری اور سینیٹر شیری رحمان نے شرکت کی ۔

کمیٹی کو این ڈی ایم اے کے سربراہ جنرل افضل اوروزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بریفنگ دی۔ اجلاس میں کمیٹی کے ٹی او آر پیش کئے گئے۔ سپیکر نے کہا کہ اس وقت تمام سیاسی قیادت کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے جنرل افضل نے پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں 3800 سے زائد وینٹی لیٹر موجود ہیں۔

(جاری ہے)

2200 پبلک سیکٹر اور باقی پرائیویٹ سیکٹر کے پاس موجود ہیں۔ 9 اپریل کو مزید 500 وینٹی لیٹر پاکستان پہنچ جائیں گے۔ چین سے مزید 2 ہزار وینٹی لیٹر منگوائے جائیں گے۔ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف کے لیے 29 ہزار حفاظتی کٹس صوبوں کو مہیا کر دی گئی۔ ملک بھر میں 137 ہسپتالوں کو کورونا وائرس کے مختص کیا گیا ہے۔ تمام ہسپتالوں کے سربراہوں کو پی آر سی کٹس جمعرات سے بھجوائی جائیں گی۔ ملک بھر میں 22 لیبارٹریاں کام کر رہی ہیں۔ وینٹی لیٹر آپریٹرز کی تعداد میں اضافے کے لیے راولپنڈی، لاہور اور کراچی میں ڈاکٹرز کو تربیت دی جائے گی۔اب تک 35 ہزار ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔