حکومت موجودہ حالات سے نمٹنے کیلئے دن رات کوشاں ہے‘ مسرت جمشید چیمہ

پیر 6 اپریل 2020 16:29

حکومت موجودہ حالات سے نمٹنے کیلئے دن رات کوشاں ہے‘ مسرت جمشید چیمہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2020ء) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کوروناوائرس کے پھیلائو کو روکنے ، متاثرہ افراد کیلئے طبی سہولیات اور معاشی طو رپر حالات کی زد میں آنے والے طبقات کو ریلیف دینے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھا رہے ہیں،ٹیسٹنگ کی استعداد کار کو بڑھانے کیلئے وزیرا علیٰ سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر لاہور میں ایک ہفتے میں اپ گریڈ کر کے بی ایس ایل تھری لیب تیار کی گئی جہاں روزانہ کی بنیاد پر 2ہزارٹیسٹ ہو سکیں گے ،مسلم لیگ (ن)طبی عملے کیلئے حفاظتی کٹس کے معاملے پر صرف اپنی سیاسی دکانداری چمکارہی ہے ۔

لاہور میں اپ گریڈ ہونے والی بی ایس تھری لیب کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ موجودہ حالات سے نمٹنے کیلئے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں ان کی ٹیم ہر وہ اقدام اٹھا رہی ہے ‘ ٹیسٹنگ کی استعداد کار بڑھانے کے لئے پورے صوبے میں ڈویژنل ہیڈ کوارٹر سطح پر لیبارٹریز کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے اور لاہور میں اپ گریڈ ہونے والی لیب کا افتتاح اس سلسلہ کی پہلی کڑی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے چین کے کامیاب اقدامات کو بھی سٹڈی کر رہی ہے اور اس کیلئے ماہرین سے ہر وقت رابطے میں ہیں اور رہنمائی لی جارہی ہے ‘ انشا اللہ ہم اپنے عزم او رحوصلے سے اس وباء پر قابو پا لیں گے اور بہت جلد معمول کی سر گرمیاں بحال ہوں گی ۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ حکومت موجودہ حالات سے نمٹنے کے لئے دن رات کوشاں ہے جبکہ لیگی تنقید برائے تنقید اور کیڑے نکالنے کی سیاست کررہے ہیں،جہاں جہاں قرنطینہ سنٹرز اور کورونا کے کنفرم مریض ہیں وہاں طبی عملے کو حفاظتی کٹس مہیا کی گئی ہیں،طبی عملہ مشکل کی اس گھڑی میں ہرگز (ن) لیگ کی مفادات پر مبنی گندی سیاست کا حصہ نہیں بنے گا ۔

انہوںنے کہا کہ (ن) والے آنکھوں سے تعصب کی پٹی کھولیں اسے حکومت کے اقدامات نظر آجائیں گے ،خدارا اپوزیشن ملک پر رحم کرے ،موجودہ حالات میں منفی پراپیگنڈے کی فیکٹریوں کو بند کیا جائے ۔