گاڑی میں بیٹھے، بیٹھے ”ڈرائیو تھرو“کورونا وائرس کا ٹیسٹ اب پاکستان میں بھی شروع

ہمارا سسٹم ایک گھنٹے میں 7 سے 8 افراد کے اور پورے دن میں 25 سے 30 لوگوں کے ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، ڈاکٹر

Khurram Aniq خُرم انیق پیر 6 اپریل 2020 16:36

گاڑی میں بیٹھے، بیٹھے ”ڈرائیو تھرو“کورونا وائرس کا ٹیسٹ اب پاکستان ..
کراچی(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-06اپریل2020ء) پوری دنیا کو اس وقت کورونا وائرس کی وجہ سے مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پاکستان میں بھی کورونا وائرس نے اپنے قدم جما لئے ہیں جس کے بعد ابھی تک 3200 سے زیادہ افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے جبکہ 52 افراد کورونا وائرس کا شکار ہو کر جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اسی دوران کراچی میں انڈس ہیلتھ نیٹ ورک نے سندھ حکومت کے تعاون سےڈرائیو تھرو کورونا ٹیسٹ کا سلسلہ شروع کیا ہے جس کی مدد سے شہریوں کو ٹیسٹ کروانے میں آسانی پیش آئی گی۔

بتایا گیا ہے کہ اس سسٹم کے تحت کوئی بھی شخص اپنی گاڑی میں آکر اپنا ٹیسٹ کروا سکتا ہے، گاڑی میں موجود ہونے کی وجہ سے وائرس پھیلنےکے خطرات بھی کم ہوں گے اور فوری ٹیسٹ کی رپورٹ دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کی جانب سے یہ کمپ کراچی میں لگایا گیا ہے جہاں ڈرائیو تھرو کے سسٹم کی پیروی کرتے ہوئے کوئی بھی شخص اپنا کورونا ٹیسٹ کروا سکتا ہے۔

اس موقع پر کیمپ میں موجود ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ ہماری پاس موجود ٹیکنالوجی کی مدد سے ہم ایک گھنٹے میں 7 سے 8 افرا د اور ایک دن میں 25 سے 30 افراد کے کورونا ٹیسٹ کروا سکتے ہیں۔خاتون ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرنے کا یہ طریقہ شہریوں میں آسانی پیدا کرنے کے لئے ہے۔ ممکن ہے کہ اگر کوئی ایسا شخص ٹیسٹ کروانے گیا ہے جس میں کورونا وائرس نہیں ہے، اسے ہسپتال میں کسی شخص سے کورونا وائرس منتقل ہو سکتا ہے۔

ایسے افراد کے لئے ہمارا کیمپ سہولیات فراہم کرتا ہے تا کہ لوگوں کو ٹیسٹ کروانے میں آسانی ہو۔ یاد رہے کہ کچھ دن قبل عالمی ادارہ صحت کی جاری کردہ رپورٹ میں بھی پاکستان کا ذکر ان ممالک کی فہرست میں کیا گیا تھا جہاں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرنے کی تعداد بہت کم ہے۔ ایسی صورتحال میں اگر اس طرح کے ڈرائیو تھرو ٹیسٹنگ کی سہولت فراہم کر دی جائے تو اس وائرس کو مزید پھیلنے سے بھی روکا جا سکتا ہے اور ٹیسٹ کرنے کی رفتار میں بھی اضافہ آجائے گا۔