کورونا کیخلاف جنگ لڑنے والی فوج پر تشدد افسوسناک ہے، شہباز شریف

ڈاکٹروں نے حفاظتی سامان مانگا، تو ڈنڈے برسائے گئے،تشدد اورتقریروں سے کورونا کا مقابلہ نہیں ہوسکتا، خدارا حالات کی سنگینی کا ادراک کریں۔ اپوزیشن لیڈراور صدر ن لیگ شہباز شریف کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 6 اپریل 2020 16:42

کورونا کیخلاف جنگ لڑنے والی فوج پر تشدد افسوسناک ہے، شہباز شریف
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 اپریل 2020ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ کورونا کیخلاف جنگ لڑنے والی فوج پر تشدد افسوسناک ہے، ڈاکٹروں نے حفاظتی سامان مانگا، تو ڈنڈے برسائے گئے،تشدد اورتقریروں سے کورونا کا مقابلہ نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈاکٹرز اور طبی عملے پر لاٹھی چارج کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ کورونا کے خلاف جنگ لڑنے والی فوج پر تشدد افسوسناک ہے۔
اپنی جان کو خطرے میں ڈالنے والوں پر تشدد کی منطق سمجھ سے باہر ہے۔

(جاری ہے)

کورونا سے لڑنے کے لئے حفاظتی کٹس فراہم کرنے کے بجائے ڈاکٹرز پر ڈنڈے برسائے جارہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ کب سے توجہ دلارہا ہوں کہ خدارا ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کو حفاظتی لباس پہنچائیں ۔ قوم پر رحم کریں۔ سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جائے، حالات کی سنگینی کا ادارک کیا جائے۔ متاثرہ ڈاکٹرز سے دلی ہمدردی ک اظہارکرتا ہوں، دلی دکھ ہے کہ ان کے ساتھ یہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کی قربانی، دن رات محنت اور قومی جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

واضح رہے
کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرز ، نرسز ، پیرا میڈیکل اسٹاف کا حفاظتی سامان فراہم نہ کئے جانے کے خلاف ریڈزون کے باہر احتجاجی دھرنا دینے والوں پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔ 30 سے زائد ڈاکٹرز ،نرسز اور پیرا میڈیکس گرفتار، ینگ ڈاکٹرز، پیرامیڈیکس اور نرسز نے صوبے کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی سمیت تمام سروسز کا بائیکاٹ کردیا جبکہ حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے ڈاکٹروں کی ہڑتال کو طبی حلف اور اخلاقیات کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹرز کنٹریکٹ کی مدت کو بڑھانے کے لئے معاملے کو سیاسی رنگ دینا چاہتے ہیں ڈاکٹروں کو حفاظتی آلات فراہم کئے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پیر کو ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی کا ل پر ینگ نرسز، اور پیر امیڈیکس عملے کی جانب سے سول ہسپتال کوئٹہ سے ریڈ زون تک ریلی نکالی گئی ریلی کے آغاز پر پولیس کی جانب سے سول ہسپتال کے گیٹ پرمظاہرین کو روکنے کی کوشش کی گئی تاہم ریلی کے شرکاء رکاوٹیں عبور کرکے ریڈ زون پہنچ گئے جہاں انہوں نے دھرنا دیا، مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ انہیں کورونا وائرس سے لڑنے کے لئے پرسنل پروٹیکشن کٹس فراہم نہیں کی جارہیں جسکی وجہ سے اب تک 15 ڈاکٹر کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ 50کے قریب قرنطینہ میں منتقل کئے گئے ہیں جب تک ہمیں آلات فراہم نہیں کئے جاتے ہم احتجاج جاری رکھیں گے۔