سپورٹس بورڈ پنجاب نے ٹینس کورٹ کے ہاسٹل میں قرنطینہ سنٹر قائم کردیا، 67افراد منتقل

سٹیٹ آف دی آرٹ ٹینس کورٹ میں قائم قرنطینہ سنٹر میں اعلیٰ معیار کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، قرنطینہ منتقل کئے گئے افراد ملتان سے لائے گئے ہیں

پیر 6 اپریل 2020 17:34

سپورٹس بورڈ پنجاب نے ٹینس کورٹ کے ہاسٹل میں قرنطینہ سنٹر قائم کردیا، ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2020ء) سپورٹس بورڈ پنجاب نے سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور محکمہ صحت کے تعاون سے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے ٹینس کورٹ کے ہاسٹل میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے قرنطینہ سنٹر قائم کردیا ہے جہاں ملتان سے لائے گئے 67 افراد کو منتقل کردیا گیا ، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے بچائو کے لئے ہم سب مل کر کام کررہے ہیں، کورونا وائرس سے ڈرنا نہیں اس سے لڑنا ہے، عوام حکومتی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے کورونا وائرس سے محفوظ رہ سکتے ہیں، تفصیلات کے مطابق سپورٹس بورڈ پنجاب کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے پنجاب حکومت کے شانہ بشانہ کام کر رہا ہے، اس حوالے سے گزشتہ روز نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے سٹیٹ آف دی آرٹ ٹینس کورٹ کے ہاسٹل کو قرنطینہ سنٹر میں تبدیل کردیا ہے، قرنطینہ سنٹر میں سپورٹس بورڈ پنجاب اعلیٰ معیار کی سہولتیں فراہم کررہا ہے، ہاسٹل کے فرنشنڈ رومز قرنطینہ سنٹر کے لئے استعمال کئے جارہے ہیں،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کی ہدایت پر ٹینس کورٹ کے ہاسٹلزمیں رونا وائرس کے مریضوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، تمام کمرے ایئرکنڈیشنز ہیں ان کمروں میں صفائی کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے، گزشتہ روز ملتان سے لائے گئے 67افراد کو قرنطینہ سنٹر میں منتقل کردیا گیا ہے جن میں 52مرد، 10خواتین اور 5بچے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے نے کہا ہے کہ کورونا وائرس عالمی وباء ہے جس سے پوری دنیا متاثر ہورہی ہے، پنجاب حکومت کے اعلی اقدامات کی وجہ سے حالات بہتر ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب کورونا وائرس سے بچائو کے لئے پنجاب حکومت کے ساتھ کام کررہا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب نے سٹیٹ آف دی آرٹ ٹینس کورٹ کے ہاسٹل میں قرنطینہ سنٹر قائم کردیا ہے، عوام کورونا وائرس سے بچائوکے لئے حکومتی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے خود بھی کورونا وائرس سے بچیں اور دوسروں کو بھی بچائیں، انہوں نے مزید کہا ہے کہ کورونا وائرس سے ڈرنا نہیں اس سے لڑنا ہے اور اسے شکست دینا ہوگی۔