وزیر اعلی عثمان بزدار کا پرسنل پروٹیکشن ایکیوپمنٹ پہن کر پنجاب کی سب سے بڑی بی ایس ایل لیول تھری لیب کا دورہ

برڈووڈ روڈ پر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے تحت سنٹرل پی سی آر لیب قائم کی گئی ہے ،2000کورونا ٹیسٹ روزانہ ہونگے

پیر 6 اپریل 2020 19:54

وزیر اعلی عثمان بزدار کا پرسنل پروٹیکشن ایکیوپمنٹ پہن کر پنجاب کی سب ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2020ء) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار برڈووڈ روڈپر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے زیر اہتمام کورونا ٹیسٹ کے لئے پنجاب کی سب سے بڑی بی ایس ایل لیول تھری پرکورونا ٹیسٹ کیلئے قائم کردہ سنٹرل پی سی آر لیب پہنچ گئی- وزیر اعلی نے ایس او پی کے مطابق پرسنل پروٹیکشن ایکیوپمنٹ (PPE) پہن کر لیب کا دورہ کیااور کورونا ٹیسٹ کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا-انہوں نے لیب میں کام کرنے والے عملے سے ٹیسٹ کے طریقہ کار کے متعلق معلومات حاصل کیں اوران کے فرائض منصبی کے بارے میں دریافت کیا-وزیر اعلی نے سنٹرل پی سی آرلیب ایکسٹریکشن روم ،بائیو سیفٹی کیبنٹ اور آرٹی امپلیفکیشن کا بھی جائزہ لیا- وزیر اعلی کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر محمد عثمان نے بتایاکہ ایکسٹریکشن روم میں بائیو سیفٹی کیبنٹ میں کورونا ٹیسٹ سیمپل کو ٹریٹ کیا جاتا ہی-بائیو سیفٹی کیبنٹ میںٹیسٹ کرنے والے عملے کو محفوظ بنانے کا اہتمام ہے - بی ایس ایل لیول تھری لیب میں ہوا کے منفی دباؤ کے ذریعے ماحول کو صاف رکھا جاتا ہے - سنٹرل پی سی آرلیب میں دن رات مائیکرواور مالیکیولر بیالوجسٹ کام کررہے ہیں- مختلف مقامات سے کورونا ٹیسٹ سیمپل کو کولڈ چین ٹرانسپورٹ کے ذریعے لیب تک پہنچایا جاتا ہے -لیب میں 6 سے 7 گھنٹے میں کورونا ٹیسٹ کا رزلٹ آن لائن متعلقہ ہسپتال کو بھیج دیا جاتا ہے -سنٹرل پی سی آر لیب میں 3000 سے زائد کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں -استعداد کار بڑھنے کے بعد سنٹرل پی سی آرلیب میں روزانہ 2000 ٹیسٹ ہوں گی-پنجاب میں اب روزانہ مجموعی طور پر 3100سے زائد کورونا ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں- وزیر اعلی عثمان بزدار نے سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر اور لیب سٹاف کی خدمات کو سراہا اور شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے زیر اہتمام بی ایس ایل لیول تھری لیب کا قیام خوش آئند ہے -صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد، فیاض الحسن چوہان ، سیکرٹری اطلاعات اور دیگر حکام بھی لیب کے باہر موجود تھی-