سعودی عرب میں کورونا کے 61نئے کیسز سامنے آگئے

مملکت میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2523ہوگئی ہے جبکہ 488افراد صحتیاب ہوکر گھروں کو جاچکے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 6 اپریل 2020 18:59

سعودی عرب میں کورونا کے 61نئے کیسز سامنے آگئے
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6 اپریل 2020 ء) سعودی عرب میں کورونا وائرس کے 61نئے کیسز سامنے آگئے ہیں جس کے بعد مملکت میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2523ہوگئی ہے جبکہ مملکت میں اب تک 488افراد صحتیاب ہوکر گھروں کو جاچکے ہیں۔ سعودی مملکت میں کورونا کے تمام مریض چاہے وہ سعودی ہوں یا تارکین وطن، ان کا بہترین علاج کیا جا رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ اب تک سینکڑوں مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل سعودی فرمانرواخادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اعلان کیا تھا کہ مملکت میں کورونا وائرس کے تمام مریضوں کا علاج مفت کیا جائے گا۔ چاہے وہ مریض سعودی شہری ہوں یا اقامہ ہولڈرز ہوں یا غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن ہوں، سب کو کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی صورت میں مفت علاج کی سہولت دستیاب ہو گی۔

(جاری ہے)

وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے بتایا تھا کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے ہدایت کی ہے کہ مملکت میں کورونا وائرس پر قابو پانے کی خاطر مقامی افراد اور اقامہ ہولڈرز کے علاوہ ان تارکین وطن کو بھی کورونا کے مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے، جو مملکت میں غیر قانونی طور پر مقیم ہیں۔ ڈاکٹر توفیق کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اس وبا کے باعث پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں اور طبی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر گہری نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔

ڈاکٹر توفیق کا مزید کہنا تھا کہ مملکت سے کورونا وائرس سے خاتمے کے لیے تمام حکومتی ادارے آپس میں بھرپور تعاون کر رہے ہیں اور معلومات کا تبادلہ بھی کیا جا رہا ہے۔ کورونا صرف بوڑھوں کو ہی لاحق نہیں ہوتا، بلکہ نوجوان اور بچے بھی اس کا نشانہ بنتے ہیں۔