کورونا وائرس سے متاثرہ ڈاکٹرعبدالقادرسومرو انتقال کرگئے

ڈاکٹرعبدالقادر سومرو الخدمت ہسپتال گلشن حدید کے ایم ایس تھے، سندھ میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 18 ہوگئی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 6 اپریل 2020 20:06

کورونا وائرس سے متاثرہ ڈاکٹرعبدالقادرسومرو انتقال کرگئے
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 اپریل 2020ء) کراچی میں کورونا وائرس سے متاثر ڈاکٹرعبدالقادرسومرو انتقال کرگئے ہیں، ڈاکٹرعبدالقادر سومرو الخدمت ہسپتال گلشن حدید کے ایم ایس تھے، سندھ میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 18 ہوگئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الخدمت ہسپتال گلشن حدید کراچی کے ایم ایس ڈاکٹرعبدالقادرسومرو کورونا وائرس سے انتقال کرگئے ہیں۔

ڈاکٹر عبدالقادر ماہر امراض جلد تھے اورپاکستان اسٹیل ملز کے ہسپتال میں بھی ایم ایس رہ چکے ہیں۔ ڈاکٹرعبدالقادر کی پچھلے ایک ہفتے سے طبعیت ٹھیک نہیں تھی، ان کا ٹیسٹ کیا گیا تو ان میں ہفتے کے روز کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ ڈاکٹرعبدالقادر کے انتقال کے ساتھ سندھ میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 18ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل کورونا وائرس سے گلگت میں بھی نوجوان ڈاکٹر اسامہ انتقال کرگئے تھے۔

ڈاکٹر اسامہ دوران ڈیوٹی کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے۔ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت ہسپتال تھرپارکر کے ایم ایس اور الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے نائب صدر ڈاکٹر عبدالقادرسومرو مریضوں کا علاج کرتے کورونا وائرس کا شکار ہوئے اور آج خالق حقیقی سے جا ملے۔

اللہ مغفرت اور قربانی قبول فرمائے۔ آمین دوسری جانب
ملک بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 3652 ہوگئی ہے۔ جبکہ آج کورونا سے 5  مریض جاں بحق ہوگئے ہیں۔ جس کے ساتھ ملک میں انتقال کرنے والوں کی تعداد 52 ہوگئی ہے۔ اسی طرح تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق اس وقت تک دنیا بھر میں کورونا وائرس 76 ہزار356 افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے جبکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 12 لاکھ 86 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق اٹلی میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 525 افراد ہلاک ہوئے ہیں جو کہ گذشتہ دو ہفتوں کے دوران ہونے والی اموات کی کم ترین سطح ہے اسی طرح سپین میں اموات میں بدستور چوتھے دن بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے. سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پیر کے روز ملک میں 637 اموات ہوئیں اس کے مقابلے میں اتوار کے روز 674 اموات دیکھنے میں آئی تھیں یہ 24 مارچ کے بعد سے ایک دن میں سب سے کم اموات ہیں. گزشتہ جمعرات کو 950 اموات اب تک ملک میں ایک دن میں سب سے زیادہ اموات تھیں گزشتہ ایک دن میں ملک میں 4273 نئے کیسز سامنے آئے اور حکام کا ماننا ہے کہ وائرس نے اپنے عروج عبور کر لیا ہے سپین دنیا بھر میں مجموعی اموات کے اعداد و شمار کے حساب سے دوسرے نمبر پر ہے یہاں اب تک 13055 اموات ہو چکی ہیں. سویڈن سٹاک ہوم میں 600 مریضوں کے لیے ایک فیلڈ ہسپتال بنا رہا ہے سویڈن میں لاک ڈاﺅن نہیں کیا گیا اور اس وقت وہاں 9830 مریض ہیں جبکہ 401 ہلاکتیں ہو چکی ہیں باربیڈوس اور ہیٹی میں کورونا وائرس کے باعث پہلی پہلی ہلاکت ہوئی ہے۔