خاتون مسافر کے بغیر ہاتھ رکھے کھانسنے پر تنقید کرنے والا ڈرائیور کورونا سے چل بسا

پیر 6 اپریل 2020 23:36

خاتون مسافر کے بغیر ہاتھ رکھے کھانسنے پر تنقید کرنے والا ڈرائیور کورونا ..
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2020ء) امریکا میں دوران سفر ایک مسافر کی جانب سے بس میں بغیر احتیاط کے کھانسنے پر تنقید کرنے والا ڈرائیور کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگیا۔امریکی ریاست مشی گن کے شہر ڈیٹرائٹ میں جیسن ہارگرو نامی ایک ڈرائیور نے 21 مارچ کو فیس بل پر ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں اس نے ایک خاتون مسافر پر تنقید کی تھی اور بتایا تھا کہ وہ کس طرح بھری بس میں منہ کو بغیر ڈھانپے کھانس رہی تھیں۔

جیسن ہارگرو کا کہنا تھا کہ ہم جیسے پبلک ورکرز اپنے گھر والوں کے لیے ایمانداری سے کام کررہے ہیں تاہم آپ لوگ بس میں سوار ہو کر بغیر احتیاط کے کھانستے ہیں، آپ سب کو معلوم ہونا چاہیے کہ ہم اس وقت وبا کی زد میں ہیں ، افسوس کی بات ہے کہ کچھ لوگ بالکل خیال نہیں کرتے۔

(جاری ہے)

رپورٹس کے مطابق 50 سالہ بس ڈرائیور جوکہ 6 بچوں کا باپ بھی تھا یہ ویڈیو پوسٹ کرنے کے 10 دن بعد کورونا وائرس کا شکار ہوکر چل بسا۔

واقعہ کے بعد امریکی میڈیا میں اس ویڈیو کے حوالے سے نئی بحث کا آغاز ہوگیا ہے جس میں پبلک ورکرز کے حفاظتی انتظامات پر سوال اٹھائے جارہے ہیں ، ان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی ۔ ڈیٹرائٹ شہر کے میئر نے تمام امریکیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جیسن ہارگرو کی ویڈیو ضرور دیکھیں اور وبا کے حوالے سے سنجیدگی اختیار کریں۔