پنجاب میں پارلیمانی سرگرمیاں کل سے بحال ہوجائیں گی

کل سے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ باقاعدہ کام شروع کردےگا، سیکرٹری اسمبلی نے سیکرٹریٹ کھولنے کے احکامات جاری کردیئے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 6 اپریل 2020 21:46

پنجاب میں پارلیمانی سرگرمیاں کل سے بحال ہوجائیں گی
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 اپریل 2020ء) پنجاب میں پارلیمانی سرگرمیاں کل سے بحال ہوجائیں گی، کل سے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کام شروع کردےگا، سیکرٹری اسمبلی نے سیکرٹریٹ کھولنے کے احکامات جاری کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے۔ پنجاب حکومت نے بھی لاک ڈاؤن میں مزید14 اپریل تک توسیع کردی ہے۔ پنجاب میں پارلیمانی سرگرمیاں کل سے بحال ہوجائیں گی۔

پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کل سے کام شروع کردےگا۔ پنجاب اسمبلی کے اوقات کار صبح 10 بجے سے دوپہر2 بجے تک ہوں گے۔ سیکرٹری اسمبلی نے اسمبلی سیکرٹریٹ منگل سے کھولنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ دوسری جانب اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کورونا وائرس سے متعلق 11 رکنی آل پارٹی مشاورتی کمیٹی قائم کر دی ۔

(جاری ہے)

تمام پارلیمانی لیڈروں سے مشاورت کے بعد قائم کردہ کمیٹی وبائی صورتحال اور اس کے اثرات کو کم از کم کرنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لے گی ۔

سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی نے اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔ اسپیکر چودھری پرویزالٰہی اس کمیٹی کے کنوینر ہوں گے کمیٹی صوبہ کے علاوہ کسی بھی وفاقی ادارے یا ایجنسی کا تعاون حاصل کر سکے گی ،کمیٹی کسی بھی رکن اسمبلی کو شریک کار کرنے کی مجاز ہو گی ۔ کمیٹی کے دیگر ارکان میں صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ، نذیر احمد چوہان، امین ذوالقرنین، ساجد احمد خان، ملک احمد علی اولکھ ، محمد معاویہ، سید حسن مرتضی، سردار اویس احمد خان لغاری، سمیع اللہ خان اور خواجہ سلمان رفیق کمیٹی شامل ہیں۔ واضح رہے ملک بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 3652 ہوگئی ہے۔ جبکہ آج کورونا سے 5  مریض جاں بحق ہوگئے ہیں۔ جس کے ساتھ ملک میں انتقال کرنے والوں کی تعداد 52 ہوگئی ہے۔