وزیراعظم کو لگتا ہے کہ ان کے قریبی ساتھی جہانگیر ترین نے ان کے ساتھ بے وفائی کی ہے: انصار عباسی

جہانگیر ترین کو نائب وزیراعظم کا غیر رسمی کردار دیدیا گیا تھا لیکن انہوں نے مکمل طور پر عمران خان کو مایوس کیا: سینئیر صحافی کا وزیراعظم کے قریبی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 7 اپریل 2020 10:41

وزیراعظم کو لگتا ہے کہ ان کے قریبی ساتھی جہانگیر ترین نے ان کے ساتھ ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اپریل 2020ء) سینئیر صحافی انصار عباسی نے چینی اور آٹا سکینڈل میں جہانگیر ترین کا نام آنے کے حوالے سے کہا ہے کہ وزیراعظم کو لگتا ہے کہ ان کے قریبی ساتھی جہانگیر ترین نے ان کے ساتھ بے وفائی کی ہے۔ انصار عباسی نے اپنے کالم میں وزیراعظم کے قریبی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے نا اہل قرار دیے جانے کے باوجود کارکردگی دکھانے کیلئے جہانگیر ترین کو نائب وزیراعظم کا غیر رسمی کردار دیدیا گیا تھا لیکن انہوں نے مکمل طور پر عمران خان کو مایوس کیا۔

جہانگیر ترین کو غیر رسمی طور پر بہت زیادہ اختیارات دیے گئے تھے کہ وہ زرعی شعبے میں اصلاحات لائیں، کابینہ میں اور وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کی سطح پر بیوروکریسی میں اپنی پسند کے لوگ بھرتی کریں لیکن نتیجہ نہ صرف ناکامیوں کی صورت میں سامنے آیا بلکہ گندم اور چینی کے بڑے اسکینڈل بھی سامنے آئے۔

(جاری ہے)

انصار عباسی کے مطابق وزیراعظم کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین نے مکمل طور پر عمران خان کو مایوس کیا ہے، اب وہ سمجھتے ہیں کہ انہوں نے غلط گھوڑے پر داؤ کھیلا۔

ان ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ اور بیوروکریسی میں حالیہ رد و بدل پی ٹی آئی اور حکومت میں موجود ہر شخص کیلئے مکمل طور پر ایک پیغام ہے کہ جہانگیر ترین اور ان کا اثر رسوخ آؤٹ ہو چکا ہے۔ ان تبدیلیوں سے، پی ٹی آئی میں جہانگیر ترین کا گروپ اپنے انجام کو پہنچا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ شہزاد ارباب کو جہانگیر ترین کا آدمی ہونے کی وجہ سے ہٹایا گیا ہے۔ رزاق داؤد کو ’’گینگ کا حصہ‘‘ نہیں سمجھا جاتا لیکن وزیراعظم کی رائے ہے کہ انہوں نے چینی مافیا کے فائدے کیلئے یہ سب کچھ ہونے دیا۔