ملک میں کورونا سے مزید2 اموات کے بعد ہلاکتیں 54 ہوگئیں، مجموعی کیسز 3864 تک جا پہنچے

کورونا کے مزید 109 کیسز سامنے آگئے، 2 ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئیں جن میں سے اسلام آباد سے پہلی ہلاکت سامنے آگئی

منگل 7 اپریل 2020 12:05

ملک میں کورونا سے مزید2 اموات کے بعد ہلاکتیں 54 ہوگئیں، مجموعی کیسز 3864 ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2020ء) پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 2 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 54 ہوگئی ، مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3864 تک پہنچ گئی ہے،54 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ سندھ اور خیبرپختونخوا میں 17،17 ، پنجاب میں 15 ، گلگت میں 3، بلوچستان ایک اور اسلام آباد میں پہلی ہلاکت سامنے آگئی ۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے اب تک مزید 109 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں سے خیبرپختونخوا میں 95 کیسز ایک ہلاکت، بلوچستان 10، کشمیر 3 اور اسلام آباد میں ایک کیس رپورٹ ہوا جب کہ پہلی ہلاکت بھی ہوئی۔خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے مزید 95 کیسز رپورٹ ہوئے اور ایک ہلاکت بھی ہوئی جس کی تصدیق وزیر صحت تیمور خان کی جانب سے کی گئی۔

(جاری ہے)

وزیر صحت کے مطابق صوبے میں نئے کیسز کے بعد کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 500 ہوگئی ہے ، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں کرم سے تعلق رکھنے والا 70 سالہ مریض انتقال کرگیا جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 17 ہوگئی۔وزیر صحت کے مطابق خیبرپختونخوا میں اب تک کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 69 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت سامنے آئی ہے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کی گئی ہے جب کہ شہر میں ایک اور کیس سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 83 ہوگئی ہے۔

بلوچستان میں کورونا کے مزید 10 کیسز سامنے آئے ہیں جو پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔صوبے میں نئے کیسز کے بعد کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 202 ہوگئی ہے ،اب تک ایک ہی ہلاکت ہوئی ہے۔دوسری جانب صوبے میں کورونا وائرس سے اب تک 60 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ جام کمال نے کی۔آزاد کشمیر میں اب تک کورونا کے مزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں جو پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 18 ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔سندھ میں ایک روز قبل کورونا وائرس سے مزید 2 مریض انتقال کرگئے تھے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 17 ہوگئی جب کہ کیسز کی مجموعی تعداد 932 ہے۔سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے ہلاکتوں اور کیسز کی تصدیق کی اور ساتھ ہی بتایا کہ صوبے میں کورونا سے مزید 130 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 253 ہوگئی ہے۔

پنجاب میں ایک روز قبل کورونا وائرس کے مزید 538 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 1918 ہوگئی ہے۔اس کے علاوہ صوبے میں 3 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کی گئی کی گئیں، اس طرح صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں مجموعی طور پر 1918 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 536 متاثرہ افراد تبلیغی جماعت کے قرنطینہ مراکز میں ہیں جبکہ ایران سے آنے والے 213 زائرین ڈیرہ غازی خان، 449 ملتان اور 5 فیصل آباد قرنطینہ مرکز میں موجود ہیں۔عثمان بزدار کے مطابق اس کے علاوہ کیمپ جیل کے قرنطینہ میں 49 قیدی بھی زیر علاج ہیں جبکہ 666 متاثرہ افراد پنجاب کے مختلف شہروں میں زیر علاج ہیں اور ان میں سے 8 کی حالت تشویش ناک ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس سے اب تک25 مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔گلگت بلتستان میں پیر کو کورونا کا صرف ایک کیس سامنے آیا جس کے بعد گلگت بلتستان میں کیسز کی مجموعی تعداد 211 تک جا پہنچی ہے،گلگت میں مہلک وائرس سے متاثرہ 15 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں ،3 افراد وفات پاچکے ہیں۔خیال رہے کہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔