برطانوی وزیراعظم کی خرابی صحت پرتشویش ہے، ٹرمپ

ہم برطانوی وزیراعظم کی زندگی بچانے کے لیے ان کی طبی ٹیم کی مدد کریں گے،امریکی صدر

منگل 7 اپریل 2020 12:06

برطانوی وزیراعظم کی خرابی صحت پرتشویش ہے، ٹرمپ
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2020ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کی وجہ سے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کو انتہائی نگہداشت میں لانا خطرناک ہے۔ ہم برطانوی وزیراعظم کی زندگی بچانے کے لیے ان کی طبی ٹیم کی مدد کریں گے۔ہماری حکومت یہ دیکھے گی کہ وہ جانسن کے ڈاکٹروں کی مدد کیسے کرسکتی ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ ان کے جانسن کے ڈاکٹروں سے براہ راست رابطے ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم بہت بلد امریکا میں کرونا کے خلاف اہم پیش رفت کریں گے۔ انہوں نے ملک بھر کے تمام اسپتالوں کی نگرانی اور وہاں پر مریضوں کو ہرممکن طبی سہولیات مزید بہتر کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ امریکا کی مرکزی حکومت اور ریاستوں کے درمیان کرونا کے خلاف جنگ میں ہم آہنگی پیدا کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ان کے ملک میں روزانہ ایک لاکھ 25 ہزار افراد کا کرونا ٹیسٹ کرایا جاتا ہے۔ یہ تعداد کسی بھی دوسرے ملک کی نسبت سب سے زیادہ ہے۔ایک مختصر پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ امریکا کی 18 ریاستوں میں کرونا کے علاج کے لیے 22 اسپتال قائم کیے گئے ہیں۔امریکی صدر نے نیو یارک میں بحری جہاز کو کرونا سپتال میں تبدیل کرنے کی منظوری کی تصدیق کردی۔ٹرمپ نے امریکی ایپل کمپنی کے اعلی معیار کے ساتھ میڈیکل ماسک تیار کرنے میں حصہ لینے کے اقدام کی تعریف کی۔ انہوں نے آئندہ مہینوں میں 166 ملین سے زیادہ ماسک فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔