کورونا وائرس کو شکست دینے کے لیے جنگ عظیم دوم والاجذبہ درکار ہے، ملکہ الزبتھ

منگل 7 اپریل 2020 12:42

کورونا وائرس کو شکست دینے کے لیے جنگ عظیم دوم والاجذبہ درکار ہے، ملکہ ..
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2020ء) برطانوی ملکہ الزبتھ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کو شکست دینے کے لیے لوگ لاک ڈائون اور سیلف آئیسولیشن پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ جنگ عظیم دوئم والے جذبے سے کام کریں۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اپنے 68 سالہ دور حکومت کے دوران گزشتہ روز 5 ویں خطاب میں اپنی رہائش گاہ ونڈسر کاسل سے برطانوی شہریوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ وہ برداشت و رواداری کے عزم کا مظاہرہ کریں دکھائیں اور یہ ثابت کریں کہ وہ گزشتہ نسلوں کی طرح مضبوط ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم مل کر کورونا وائرس کی وباء کا مقابلہ کر رہے ہیں اور وہ یقین دلاتی ہیں کہ اگر ہم اتحاد و یکجتی اور ثابت قدم رہیں گے تو ہم اس وباء پر ضرور قابو پالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہمیں اس سے قبل بھی مختلف چیلنجز کا سامنا تھا لیکن کورونا وائرس بحران ایک سنگین مسئلہ ہے اور اس وقت ہمیں کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے سائنسی پیش رفت اور ہمدردی کے ساتھ دنیا کی تمام اقوام کے ساتھ مشترکہ کوششوں میں شامل ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ ان تمام لوگوں کی شکرگزار ہیں کہ جو دوسروں کی زندگیوں کو بچانے کے لیے گھروں میں ہیں لیکن وہ اس بات کو تسلیم کرتی ہیں کہ سیلف آئسولیشن ایک مشکل عمل ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال انہیں 1940 ء کے اس دور کی یاد دلاتی ہے جب انہوں نے اپنے بچوں کو جرمن نازیوں کی کارروائیوں سے بچانے کے باعث محفوظ مقام پر منتقل کیا تھا اور آج ایک بار پھر بہت سے لوگوں کو اپنے پیاروں سے علیحدگی کا دردناک احساس ہو گا لیکن اس وقت ایسا کرنا بالکل ٹھیک ہے، ہماری آئندہ برطانوی نسلیں اس نسل کو مضبوط کہیں گی اور یہ کہ نفس پر ضبط ، پرسکون اچھے مزاح اور ہم خیال جذبات کی صفات ابھی بھی اس ملک کی خصوصیات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنگ عظیم دوئم کا گانا ’’وی ول میٹ اگین‘‘ برطانوی شہریوں کے لیے امید کی علامت تھا اور اس وقت بھی وہی جذبہ درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کا یقین ہونا چاہیے کہ اچھے دن دوبارہ واپس آئیں گے، ہم دوبارہ اپنے دوستوں اور فیملیز کے ساتھ ہوں گے اور ہم دوبارہ ملیں گے۔ انہوں نے صحت کی دیکھ بھال کرنے والے عملے کو اس شمکل وقت میں لوگوں کے لیے ان کی بے لوث خدمت اور ضرورت مند لوگوں کو کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات فراہم کرنے والے لوگوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :