افغان طالبان نے عوام کو کورونا سے بچانے کیلئے آگاہی مہم شروع کردی

طالبان نے شادیوں سمیت تمام عوامی اجتماعات کو منسوخ کردیا ، لوگوں کو مسجد کے بجائے گھروں میں نماز پڑھنے کی ہدایت

منگل 7 اپریل 2020 13:11

افغان طالبان نے عوام کو کورونا سے بچانے کیلئے آگاہی مہم شروع کردی
کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2020ء) طالبان نے افغانستان کو کورونا وائرس کے موذی مرض سے بچانے اور اس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے مہم شروع کردی ہے۔طالبان رہنماء خیراللہ نے قطری نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طالبان ایک ہفتے سے اس طرح کی آگاہی مہم چلا رہے ہیں، وہ لوگوں کو دستانے اور ماسک پہننے کی ترغیب دے رہے ہیں، ہاتھ صابن سے دھونے کی بات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طالبان نے شادیوں سمیت تمام عوامی اجتماعات کو منسوخ کردیا ہے اور لوگوں کو مسجد کے بجائے گھروں میں نماز پڑھنے کی ہدایت کی ہے۔طالبان کی جانب سے صوبہ بغلان میں مقررہ کردہ نئے ڈائریکٹر صحت قاری خالد ہجران نے کہا کہ ہمارے ہیلتھ کمیشن نے ہدایات دی تھیں کہ لوگوں میں آگاہی مہم چلائی جائے جو ہم اپنے کنٹرول والے علاقوں میں چلا رہے ہیں، ہم ان اضلاع میں پمفلیٹس بانٹ رہے ہیں جن میں کورونا سے بچاؤ کی ہدایات اور احتیاطی تدابیر درج ہیں۔

(جاری ہے)

افغانستان کی وزارت صحت نے طالبان کے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ۔طالبان کے جنرل کمیشن فار پبلک ہیلتھ کی جانب سے چھاپے گئے اعلامیے میں عوام کو نمازیں پڑھنے، پاک صاف رہنے، حلال کھانا کھانے کے ساتھ ساتھ طبی تجاویز بھی دی گئی ہیں۔ہجران نے کہا کہ ہم گاؤں دیہاتوں کے عوام کو ان سبزیوں کی فہرست بھی فراہم کر رہے ہیں جس میں زیادہ وٹامن سی ہوتا ہے۔