انشاء اللہ ہم جذبہ ایمانی کے ساتھ کورونا وبائی عفریت کو شکست دیں گے،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ کا وزارت خارجہ میں قائم کرائسز مینجمنٹ سیل کادورہ ،مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا ، ایمرجنسی کرایسز مینجمنٹ سیل کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار

منگل 7 اپریل 2020 13:37

انشاء اللہ ہم جذبہ ایمانی کے ساتھ کورونا وبائی عفریت کو شکست دیں گے،وزیر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2020ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ انشاء اللہ ہم جذبہ ایمانی کے ساتھ کورونا وبائی عفریت کو شکست دیں گے۔

(جاری ہے)

منگل کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ میں قائم کرائسز مینجمنٹ سیل کادورہ کر کے ایمرجنسی کرائسز مینجمنٹ سیل کے مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا ،ڈی جی کرائسز مینجمنٹ سیل سلمان اطہر نے سیل کی کارکردگی کے حوالے سے وزیر خارجہ کو بریفنگ دی،وزیر خارجہ نے ایمرجنسی کرائسز مینجمنٹ سیل میں موصول ہونے والی شکایات کا جائزہ لیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ دنیا بھر میں ایئرپورٹس پر، وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی جلد واپسی کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ہمیں بحیثیت قوم، مل کر اس وبائی چیلنج سے نبرد آزما ہونا ہے یہ پوری قوم کیلئے کڑے امتحان کا وقت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ انشاء اللہ ہم جذبہ ایمانی کے ساتھ اس وبائی عفریت کو شکست دیں گے ۔وزیر خارجہ نے ایمرجنسی کرایسز مینجمنٹ سیل کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیل میں ڈیوٹی سر انجام دینے والے افسران اور عملے کو شاباش دی۔