جنوبی افریقا میں لاک ڈائون کے دوران شادی، دولہا دلہن گرفتار

پولیس نے لاک ڈاون کی خلاف ورزی پر تمام مہمانوں، رسم کی ادائیگی کرانے والے پادری کو بھی حراست میں لے لیا

منگل 7 اپریل 2020 14:09

جنوبی افریقا میں لاک ڈائون کے دوران شادی، دولہا دلہن گرفتار
پریٹوریا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2020ء) جنوبی افریقا میں کورونا وائرس لاک ڈاون کی خلاف ورزی پر پولیس نے شادی کی تقریب میں چھاپہ مار کردولہا، دلہن سمیت درجنوں افراد کو حراست میں لے لیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق جنوبی افریقا میں کورونا وائرس وبا کے پیش نظر ملک بھر میں لاک ڈاون ہے اور تمام سماجی تقاریب پر بھی پابندی ہے۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقا کے صوبے کوازولو ناتال میں شادی کی تقریب جاری تھی اور 40 مہمانوں کے درمیان دولہادلہن نئی زندگی کے خواب آنکھوں میں سجائے ایک دوسرے سے عہد و پیماں کررہے تھے کہ پولیس نے چھاپہ مار دیا۔پولیس نے لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرنے پر نا صرف تمام مہمانوں اور رسم کی ادائیگی کرانے والے پادری کو حراست میں لے لیا بلکہ دولہا اور دلہن کو بھی گرفتار کرکے تھانے لے گئے۔سوشل میڈیا پر پولیس کی کارروائی کی ویڈیو وائرل ہوگئی جس میں جوڑے کو پولیس وین میں بٹھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔