چین کے صوبے ہوبی میں کورونا وائرس کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا

منگل 7 اپریل 2020 14:16

چین کے صوبے ہوبی میں کورونا وائرس کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2020ء) چین کے صوبے ہوبی جہاں سے کورونا وائرس کی وبا کا آغاز ہوا تھا میں گذشتہ روز کورونا وائرس کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا تاہم بیرون ملک سے آنے والے بتیس افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد بیرون ملک سے آنے والے کوروان وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 983 ہو گئی۔

چین کے سرکاری خبر رساں ادارے نے ہیلتھ کمیشن آف ہوبی کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ صوبہ بھر میں پیر کو کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا۔کمیشن کے مطابق صوبہ میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے شبہ میں 690 افراد پہلے سے زیر نگرانی ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے 59 افراد کو صحتیاب ہونے پر ہسپتالوں سے ڈسچارج کر دیا گیا جبکہ وائرس کی شدید علامات رکھنے والے 184 مریض زیر علاج ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ صوبہ ہوبی میں کورونا وائرس کے اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی کل تعداد 67,803 ہے جن میں سے 50,008 کا تعلق ووہان شہر سے ہے۔چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق اب تک بیرون ملک سے آنے والے 983افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جن میںسے 285 کو صحتیاب ہو نے کے بعد ہسپتالوں سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے جبکہ باقی لوگ مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں اور ان میں21 کی حالت نازک ہے۔ کمیشن کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے متاثرہ افراد میں سے ابھی تک کوئی ایک بھی ہلاک نہیں ہوا۔