پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 ہزا ر سے تجاوز کر گئی

مزید 86 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی تعداد 2004 ہو گئی جبکہ ابھی تک پنجاب میں 15 افراد جاں بحق ہوگئے

Khurram Aniq خُرم انیق منگل 7 اپریل 2020 13:52

پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 ہزا ر سے تجاوز کر گئی
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-07اپریل2020ء) پوری دنیا کی طرح اس وقت پاکستا ن کو بھی کورونا وائرس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار کے قریب ہو گئی ہے جبکہ 55 افراد کورونا وائرس کاشکار ہو کر ہلاک ہو گئے ہیں۔ پاکستا ن میں سب سے زیادہ متاثرہ افراد کی تعداد پنجاب میں موجود ہے۔

تازہ ترین اعداوشمار کے مطابق پنجاب میں متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ محکمہ صحت پنجاب کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پنجاب میں مزید 86 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 2004 ہو گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مریضوں میں 49قیدی بھی شامل ہیں اور سب سے زیادہ مریض لاہورمیں297 ہیں۔اس کے علاوہ ننکانہ13، قصور9، راولپنڈی61، جہلم30، گوجرانوالہ39، سیالکوٹ17، ناروال6، گجرات93، منڈی بہاوَالدین14، حافظ آباد6، ملتان4، وہاڑی13، فیصل آباد21، چنیوٹ6، رحیم یارخان3، سرگودھا6، میانوالی 3، بہاولنگر18، بہاولپور 3، لودھراں3، ڈی جی خان18، لیہ، شیخوپورہ، اٹک، خوشاب اور اوکاڑہ میں ایک ایک مریض ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب میں اب تک جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 15 ہو گئی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق سندھ 932 اور خیبرپختونخوا میں 500 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں 462 اسپتالوں میں آئی سولیشن کی سہولت موجود ہے جن میں 7295 بیڈز موجود ہیں۔ اس وقت تک 328 قرنطینہ مراکز قائم کیے گئے ہیں جن میں 16737 مریضوں کو رکھا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، اسی سلسلے میں ملک بھر میں لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے اور لوگوں سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے گھروں میں رہیں ا ور ایک دوسرے سے ملنے سےگریز کریں۔