کورونا کا خوف ، امریکی شہریوں کا اپنے پیاروں کی میتیں وصول کرنے سے انکار

سردخانے میں جگہ کم پڑ گئی، سب سے زیادہ متاثرنیو یارک میں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار ہو گئی

Salman Javed Bhatti سلمان جاوید بھٹی منگل 7 اپریل 2020 14:13

کورونا کا خوف ، امریکی شہریوں کا اپنے پیاروں کی میتیں وصول کرنے سے انکار
نیویارک (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 7 اپریل 2020ء ) کورونا کے خوف کے باعث ، امریکی شہریوں نے اپنے پیاروں کی میتیں وصول کرنے سے انکار کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس اس وقت 200 ممالک میں اپنے پنجے گاڑھ چکا ہے۔ امریکی شہریوں کی نعشیں رکھنے کیلئے سردخانے میں بھی جگہ کم پڑ چکی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ امریکہ کی ریاست نیویارک سب سے زیادہ متاثرہ ہے جہاں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار اور ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 500 ہے۔

امریکہ میں 12 سو 55 نئی ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 10 ہزار 871 تک جا پہنچی ہے۔ متفرق میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ میں مسلسل چھٹے روز بھی ایک ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی گئی ہیں جو کہ کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ تباہ کن اعداد و شمار ہیں۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے کے مطابق 30 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد امریکہ میں وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 3 لاکھ 67 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔

تازہ اعداد و شمار کے مطابق وائرس زدہ 19 ہزار 671 افراد ایسے ہیں جو صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ وائرس سے متاثرہ افراد میں 8 ہزار 879 افراد ایسے ہیں جو کہ اس وقت تشویشناک حالت میں مبتلا ہیں۔ علاوہ ازیں اسپین، اٹلی، فرانس، جرمنی، بیلجیئم اور نیدرلینڈز میں بھی بڑی تعداد میں لوگ جان سے گئے۔ اس وقت اٹلی سب سے زیادہ ہلاکتوں کے ساتھ سر فہرست ہے جہاں مہلک وائرس سے 16 ہزار 523 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ اسپین 13 ہزار 341 ہلاکتوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر آتا ہے جبکہ امریکہ مسلسل ہلاکتوں میں اضافے کے بعد اب تیسرے نمبر پر آ چکا ہے جہاں وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 10 ہزار 871 ہو گئی ہے۔ فرانس 8 ہزار 911 ہلاکتوں کے ساتھ چوتھے جبکہ برطانیہ 5 ہزار 373 اموات کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔