پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 4ہزار سے تجاوز کرگئی

ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 577نئے کیسز سامنے آنے سے کورونا کے مریضوں کی تعداد 4004 ہوگئی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 7 اپریل 2020 15:58

پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 4ہزار سے تجاوز کرگئی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-07اپریل2020ء) پوری دنیا کی طرح اس وقت پاکستا ن کو بھی کورونا وائرس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 4ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 577نئے کیسز سامنے آنے سے کورونا کے مریضوں کی تعداد 4004 ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ 429 صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے ہیں۔

یکم اپریل سے ملک میں کورونا کے کیسز کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ دیکھا گیا ہے اور کیسز میں مارچ کے مقابلے میں دوگنا تیزی سے اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ گزشتہ روز ملک میں نئے کیسز اور اموات کا سلسلہ جاری رہا اور ایک روز میں ریکارڈ 610 کیسز سامنے آئے۔ آج بھی کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد اب تک ملک میں متاثرین کی تعداد 4004 تک پہنچ گئی ہے جبکہاسلام آبادمیں مزید ایک موت سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 55 ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد2004ہوگئی ہے۔منگل کو صبح کے وقت وزیر صحت خیبرپختونخوا نے صوبے میں مزید 95 کیسز اور ایک موت کی تصدیق کی جس کے بعد خیبرپختونخوا کے کیسز کی تعداد 405 سے بڑھ کر 500 ہوگئی ہے۔ اسلام آباد میں مزید ایک کیس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وہاں متاثرین کی تعدا 83 تک پہنچ گئی ہے۔ آزاد کشمیر میں متاثرین کی تعداد 16 سے بڑھ کر 18 تک پہنچ چکی ہے۔

سندھ میں 932، خیبرپختونخوا میں 500، بلوچستان میں 202، گلگت بلتستان میں 211، اسلام آباد میں 83 اور آزاد کشمیر میں 18 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اس عالمی وبا سے لڑتے ہوئے مزید 170 افراد صحت یاب ہوگئے۔ جس کے بعد ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد 259 سے بڑھ کر 429 ہوگئی ہے۔ دوسری جانب صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کی سہولت بڑھا دی ہے جس کی وجہ سے آئندہ دو ہفتوں میں پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوگا، لاک ڈان سے فائدہ ہوا۔