سندھ میں مزید 54 کورونا وائرس کے کیسز کی تصدیق ، جس کے بعد مریضوں کی تعداد 986 جبکہ جاں بحق افرادکی تعداد 18 ہوگئی

ڈاکٹرز فرنٹ لائن فائٹرز ہیں اور ان کو ضروری لباس دینا ہماری ذمہ داری ہے، ڈاکٹروں کو پرسنل پروٹیکشن ڈاکیومینٹس کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

منگل 7 اپریل 2020 16:16

سندھ میں مزید 54 کورونا وائرس کے کیسز کی تصدیق ، جس کے بعد مریضوں کی تعداد ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2020ء) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے سندھ میں مزید 54 کورونا وائرس کے کیسز کی تصدیق کردی ، جس کے بعد مریضوں کی تعداد 986 ہوگئی جبکہ جاں بحق افرادکی تعداد 18 ہوگئی ہے۔اپنے ایک ویڈیو پیغام میں سید مراد علی شاہ نے صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہاکہ کل تک 9 ہزار585 ٹیسٹ کئے تھے جبکہ منگل کو مزید 634 ٹیسٹ کیے ہیں، کل ٹیسٹ کی تعداد 10ہزار 219 ہے ۔

انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کی مزید 54 افراد میں تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد سندھ میں کوروناوائرس سے متاثرین کی تعداد 986 ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے 293 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ منگل کو مزید 16 صحتیاب ہوئے ہیں جس کے بعد اس موذی بیماری کا شکار ہونے کے بعد صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 309 ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک اور ہلاکت کے ساتھ تعداد 18ہوگئی ہے جبکہ 396 مریض اپنے گھروں میں آئیسولیشن میں ہیں اور 206 کورونا کے مریض سرکاری اور نجی اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم آئیسولیشن سینٹرز، سی سی یو، آئی سی یو کی تعداد بڑھا رہے ہیں۔وزیراعلی سندھ نے کورونا سے متاثر ہونے والے ڈاکٹر عبدالقادر کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقادر کا ٹیسٹ 28 مارچ کو مثبت آیا تھا اور وہ31 مارچ کو اسپتال داخل ہوئے تھے جبکہ 6 اپریل کو ڈاکٹر عبدالقادر سومرو مالک حقیقی سے جا ملے۔سیدمراد علی شاہ نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقادر کے خاندان اور ڈاکٹر برادری سے تعزیت کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز فرنٹ لائن فائٹرز ہیں اور ان کو ضروری لباس دینا ہماری ذمہ داری ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم ڈاکٹروں کو پرسنل پروٹیکشن اکیومینٹس کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔