ایس ایس پی مردان کورونا وائرس کو شکست دے کر واپس ڈیوٹی پر آ گئے

وقار عظیم کھرل ڈیوٹی سر انجام دیتے ہوئے کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 7 اپریل 2020 18:24

ایس ایس پی مردان کورونا وائرس کو شکست دے کر واپس ڈیوٹی پر آ گئے
مردان(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-07 اپریل2020ء) ایس ایس پی مردان کورونا وائرس کو شکست دے کر واپس ڈیوٹی پر آ گئے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ کی قیادت ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کررہے ہیں۔ تاہم اس حوالے سے ہمیں پولیس اہلکاروں کے بہادر کردار کو بھی فراموش نہیں کرنا چاہئے جو سارا دن سڑکوں پر کھڑے رہتے ہیں اور اپنے آپ کو وائرس کے خطرات سے دوچار کرتے ہیں تاکہ یہ ہماری حفاظت کے لئے نافذ کیے جانے والے قواعد پر عمل پیرا کروا سکیں۔

اس دوران کئی پولیس اہلکار خود بھی اس مہلک وائرس کا شکار ہوئے۔انہی میں ایس ایس پی مردان وقار عظیم کھرل بھی شامل ہیں جنہوں نے اب کورونا وائرس کو شکست دے دی ہے۔ مردان میں ایس پی آپریشن وقار عظیم کھرل ڈیوٹی سر انجام دیتے ہوئے نہ صرف اس وائرس کا شکار ہوئے بلکہ اب اس کو مکمل طور پر شکست دینے کے بعد دوبارہ اپنی ڈیوٹی پر بھی آ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وقار عظیم کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر اپنانے اور صحت مند خوراک سے وہ جلد ہی کورونا وائرس کو شکت دینے میں کامیاب ہو گئے۔

وہ 29 مارچ کو کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے۔ ایس پی وقار عظیم کھرل نے اپنا ٹیسٹ رپورٹ پازیٹیو آنے کی تصدیق کی تھی۔ ایس پی وقار عظیم کھرل سیکیورٹی کے انتظامات کے حوالے سے کئی مرتبہ منگا گئے تھے جہاں ملک میں کورونا وائرس کے سبب پہلی ہلاکت ہوئی تھی۔منگا میں پہلی کورونا ہلاکت کے بعد درجنوں مریضوں کی موجودگی پر گائوں کا لاک ڈائون کردیا گیا مرردان کی یو سی منگا کو ڈی سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

صوبائی حکومت نے علاقے کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے یہ فیصلہ کیا۔ صوبائی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مردان میں حالات کچھ بہتری کی طرف آئیں ہیں، 109 افراد کی کورونا رپورٹ منفی آنے کے بعد ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ یو سی منگا کو ڈی سیل کر دیا جائے گا۔ اس موقع پر با ت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مردان کا کہنا تھا کہ علاقے کو ڈی سیل کرنے سے پہلے پورے علاقے میں جراثیم کش سپر ے کیا جائے گا اور ا س کے بعد علاقے میں کسی بھی قسم کی نقل و حرکت کی اجازت دی جائے گی۔

یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے جان بحق ہونے والے پہلے شخص کا تعلق بھی مردان سے تھا جس کے بعد مردان کو لاک ڈاؤن کر دیا گیا تھا۔ جاں بحق ہونے والا شخص عمرہ کر کےو اپس آیا تھا جس کے بعد اس میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔چونکہ ابتدائی دنوں میں کسی کو اندازہ نہیں تھا کہ اس شخص کو کورونا وائرس ہو سکتا ہے، بہت سے لوگ ا س سے ملنے آتے رہے ۔