آرمی چیف کی ہدایت پر بلوچستان کے طبی عملے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر حفاظتی سامان روانہ

پاکستان کی حکومت درکار وسائل کی فراہمی کے لیے کوشش کر رہی ہے ، مشکل کی گھڑی میں ہمیں صبر اور ثابت قدمی سے کام کرنا چاہیے، آرمی چیف قمر جاوید باجوہ

منگل 7 اپریل 2020 19:46

آرمی چیف کی ہدایت پر بلوچستان کے طبی عملے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2020ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے احکامات پر پاک فوج نے بلوچستان میں طبی عملے کی مدد کے لیے ذاتی تحفظ کے آلات سمیت طبی سامان روانہ کردیا ۔

(جاری ہے)

منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف کے احکامات پر بلوچستان میں کووڈ 19 کے خلاف مؤثر لڑائی لڑنے والے میڈیکل اسٹاف کی مدد کے لیے ذاتی تحفظ کے آلات (پی پی ایز) سمیت طبی سامان کی ایمرجنسی سپلائی کوئٹہ کے لیے روانہ کی جارہی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈکس اس جنگ میں صف اول کے سپاہی ہیں، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ اقوام، حکومتیں اس عالمی وبا سے لڑنے میں مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں۔آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کی حکومت درکار وسائل کی فراہمی کے لیے کوشش کر رہی ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں ہمیں صبر اور ثابت قدمی سے کام کرنا چاہیے۔