پاکستان میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کر گئی

پنجاب میں تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر گئی، سندھ میں 938 کیسز رپورٹ، 54 افراد انتقال کر چکے، 28 کی حالت تشویش ناک

muhammad ali محمد علی منگل 7 اپریل 2020 19:32

پاکستان میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کر گئی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 اپریل 2020ء) پاکستان میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کر گئی، پنجاب میں تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر گئی، سندھ میں 938 کیسز رپورٹ، 54 افراد انتقال کر چکے، 28 کی حالت تشویش ناک۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ بتایا گیا ہے کہ منگل کے روز ملک میں کرونا وائرس کے 251 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد مجموعی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

منگل کے روز ملک میں کرونا وائرس کے 3 مریض بھی جاں بحق بھی ہوگئے، جس کے بعد اموات کی کل تعداد 54 ہوگئی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ منگل کے روز پنجاب میں 86 کیسز، سندھ میں 54 کیسز، خیبرپختونخوا میں 95 کیسز، بلوچستان 12، کشمیر 3 اور اسلام آباد میں ایک کرونا کیس رپورٹ ہوا۔

(جاری ہے)

پنجاب میں کرونا وائرس کیسز کی مجموعی تعداد 2004 ہوگئی ہے اور اموات کی تعداد 15 ہے۔

سندھ میں کیسز کی مجموعی تعداد 986 ہوگئی جب کہ اموات کی تعداد 18 ہوگئی ہے۔ خیبرپختونخواہ میں اب تک 500 کیسز اور 17 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ بلوچستان میں 204، گلگلت بلتستان میں 211، اسلام آباد میں 83 اور آزاد کشمیر میں 18 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس صورتحال میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس سے اموات کی شرح 1.4ہے، پاکستان میں اب تک 54 افراد انتقال کرچکے ہیں، جبکہ کورونا کے تشویشناک 28 مریض ابھی بھی آئی سی یو میں ہیں۔

ملک میں429 افراد مکمل طور پرصحت یاب ہوچکے ہیں۔ مستقبل میں کرونا کی کٹس لاکھوں میں دستیاب ہوں گی۔ جبکہ مستقبل میں لیبارٹریز کی تعداد 32 اور پھر40 تک لے جائیں گے۔ ملک میں اس وقت 18 لیبارٹریز ہیں جو کرونا وائرس کے پی سی آرٹیسٹ کرسکتی ہیں۔