اس وقت ہمیں زیادہ سے زیادہ اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکا تبلیغی جماعت کی مجلس شوری کے اراکین کے وڈیو لنک اجلاس سے خطاب

منگل 7 اپریل 2020 20:45

اس وقت ہمیں زیادہ سے زیادہ اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2020ء) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کورونا وائرس کو انسانی المیہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت ہمیں زیادہ سے زیادہ اتحاد و یک جہتی کی ضرورت ہے۔ منگل کو سپیکر کی زیر صدارت میں تبلیغی جماعت کی مجلس شوری کے اراکین کا وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء مذہبی امور نور الحق قادری، شہریار آفریدی، اعجاز شاہ سمیت وزارت خارجہ، ایوی ایشن، داخلہ اور صحت کے حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں کورونا کی وبا اور اسکے اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تبلیغی جماعت کی شوری ارکان نے دنیا بھر میں پھنسے تبلیغی جماعت کے اراکین سے متعلق بریفنگ دی۔ اجلاس میں تبلیغی جماعت کے اراکین کے ساتھ حالیہ پنجاب میں ہونے والی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ یہ ایک عالمی وبا ہے، اسے کسی مذہب یا مسلک سے جوڑنا غیر مناسب ہوگا، کورونا وبا سے نمٹنے کے لئے ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے، ہم ایک مشکل وقت سے گزر رہے ہیں اس لئے قوم میں تقسیم کے ہم متحمل نہیں ہوسکتے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے تمام زائرین کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دیدی جوشہریار آفریدی کی سربراہی میں زائرین سے متعلق کام کرے گی۔کمیٹی بیرون ملک پھنسے زائرین اور انکی آمد کے بعد کی صورتحال کو کنٹرول کرے گی۔اسپیکر قومی اسمبلی (آج) بدھ کو وطن واپس لوٹنے والے زائرین سے بھی ملاقات کریں گے۔ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مختلف مکاتب فکر کے علماء، اوورسیز پاکستانی وفود سے ملاقاتوں کا فیصلہ کیا۔