اسد قیصر کی سربراہی میں تبلیغی جماعت کی مجلس شوری کے اراکین کا اجلاس، کرونا کی وبا اور اسکے اثرات پر تبادلہ خیال

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے تمام زائرین کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دیدی،شہریار آفریدی کی سربراہی میں زائرین سے متعلق کمیٹی کام کرے گی

منگل 7 اپریل 2020 20:45

اسد قیصر کی سربراہی میں تبلیغی جماعت کی مجلس شوری کے اراکین کا اجلاس، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2020ء) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے تمام زائرین کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دیدی،شہریار آفریدی کی سربراہی میں زائرین سے متعلق کمیٹی کام کرے گی،کمیٹی بیرون ملک پھنسے زائرین اور انکی آمد کے بعد کی صورتحال کو کنٹرول کرے گی۔ منگل کو اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی صدارت میں تبلیغی جماعت کی مجلس شوری کے اراکین کا اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں ویڈیو لنک کے ذریعے ہوااجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری اور شہریار آفریدی، وزیر داخلہ اعجاز شاہ کے علاوہ وزارت خارجہ، ایوی ایشن، داخلہ، صحت کے حکام نے شرکت کی ۔

اجلاس میں کرونا کی وبا اور اسکے اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔تبلیغی جماعت کی شوری ارکان نے دنیا بھر میں پھنسے تبلیغی جماعت کے اراکین سے متعلق بریف کیا ۔

(جاری ہے)

تبلیغی جماعت کے اراکین کیساتھ حالیہ پنجاب میں ہونے والی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاکہ یہ ایک عالمی وبا ہے اسے کسی مذہب یا مسلک سے جوڑنا غیر مناسب ہوگا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ کرونا وبا سے نمٹنے کے لئے ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے، ہم ایک مشکل وقت سے گزر رہے ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاکہ قوم میں تقسیم کے ہم متحمل نہیں ہوسکتے،اسپیکر قومی اسمبلی نے تمام زائرین کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دیدی،شہریار آفریدی کی سربراہی میں زائرین سے متعلق کمیٹی کام کرے گی،کمیٹی بیرون ملک پھنسے زائرین اور انکی آمد کے بعد کی صورتحال کو کنٹرول کرے گی۔اسپیکر قومی اسمبلی (آج) بدھ کو وطن واپس لوٹنے والے زائرین سے بھی ملاقات کریں گے۔