پرعزم جوانوں کے ساتھ کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹیں گے اور ان مشکل حالات سے انشاء اللہ ایک قوم بن کر نکلیں گے ،

دور دراز علاقوں میں لوگوں کی مشکلات کو دور کرنے کیلئے وسائل کی ترسیل میں زیادہ سے زیادہ مدد فراہم کی جائے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب

منگل 7 اپریل 2020 20:59

پرعزم جوانوں کے ساتھ کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹیں گے اور ان مشکل حالات ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2020ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پرعزم جوانوں کے ساتھ کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹیں گے اور ان مشکل حالات سے انشاء اللہ ایک قوم بن کر نکلیں گے، کور کمانڈرز نے کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد میں فرنٹ لائن پر خدمات سرانجام دینے والے ڈاکٹروں، پیرا میڈیکس، طبی عملے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 231ویں کور کمانڈرز کانفرنس منگل کو راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔ کور کمانڈروں نے متعلقہ ہیڈکوارٹرز سے ویڈیو لنک کے ذریعے کور کمانڈر کانفرنس میں حصہ لیا۔ فورم نے جیو سٹرٹیجک، علاقائی اور قومی سلامتی کے ماحول کا جائزہ لیا جس میں خاص طور پر کوویڈ۔

(جاری ہے)

19 سے پیدا ہونے والی تازہ ترین صورتحال پر غور کیا گیا۔ فورم نے ملک بھر میں سول انتظامیہ کیلئے پاک فوج کے دستوں کی تعیناتی کا جامع جائزہ لیا۔ فورم کو کوویڈ۔19 پر قابو پانے کیلئے قومی کوششوں کو ہم آہنگی اور واضح کرنے کیلئے قائم کردہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے امور سے آگاہ کیا گیا۔ بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے جوانوں کی اب تک کی عملی کوششوںکی تعریف کرتے ہوئے تمام کمانڈروں کو ہدایت کی کہ گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور اندرون سندھ کے دور دراز علاقوں میں لوگوں کی مشکلات کو دور کرنے کیلئے وسائل کی ترسیل میں زیادہ سے زیادہ مدد فراہم کریں۔

فورم نے کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد میں فرنٹ لائن پر خدمات سرانجام دینے والے ڈاکٹروں، پیرا میڈیکس، طبی عملے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ فورم نے کشمیریوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو بھارتی مظالم کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس وباء کا مقابلہ کرتے ہوئے حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔