حکومت کا کورونا ٹیسٹ کی صلاحیت ہزاروں میں کرنے کا فیصلہ

آئندہ دنوں تک کورونا ٹیسٹنگ کی تعداد20 ہزار تک بڑھا دیں گے،ابھی صرف 6 ہزارسے زیادہ ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 7 اپریل 2020 20:00

حکومت کا کورونا ٹیسٹ کی صلاحیت ہزاروں میں کرنے کا فیصلہ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 اپریل 2020ء) حکومت پاکستان نے کورونا وائرس ٹیسٹ کی صلاحیت ہزاروں بڑھانے کا فیصلہ کرلیا، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ آئندہ دنوں کورونا ٹیسٹنگ کی تعداد20ہزار تک بڑھا دیں گے،ابھی صرف 6 ہزارسے زیادہ ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ حکومت کورونا ٹیسٹ کی صلاحیت بڑھانے کی منصوبہ بندی کررہی ہے، جس کے تحت روزانہ کی بنیاد پر ٹیسٹ کی تعداد بڑھا کر 20000 کردی جائے گی۔

ابھی فی الحال روزانہ 6584 افراد کے ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔
مزید برآں ڈاکٹر ظفر مرزا نے آج وفاقی وزیر اسد عمر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ 24 گھنٹوں میں کچھ قرنطینہ سینٹرکےنتائج ہمارے ڈیٹا بیس سسٹم میں شامل کیے گئے۔

(جاری ہے)

جس کے ساتھ ملک میں 3 ہزار 434 مصدقہ کیسز ہیں۔ بڑی تعداد ریکوری کی اسٹیٹ میں ہے۔ ملک میں429 افراد مکمل طور پرصحت یاب ہوچکے ہیں۔

پچھلے 24 گھنٹوں میں577 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث اموات کی شرح 1.4ہے۔ کورونا وائرس سے پاکستان میں اب تک 54 افراد انتقال کرچکے ہیں۔ جبکہ کورونا کے تشویشناک 28 مریض ابھی آئی سی یو میں وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں کورونا کی کٹس لاکھوں میں دستیاب ہوں گی۔ جبکہ مستقبل میں لیبارٹریز کی تعداد 32 اور پھر40 تک لے جائیں گے۔

ملک میں اس وقت 18 لیبارٹریز ہیں جو کورونا وائرس کے پی سی آرٹیسٹ کرسکتی ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ 39 ہزار500 حفاظتی کٹس صوبوں کو فراہم کی جاچکی ہیں۔ اس میں آزاد کشمیراور بلوچستان کے 4 ہسپتالوں میں حفاظتی کٹس پہنچائیں گے۔ اسلام آباد کے7، خیبرپختونخوا کے 21 ہسپتالوں میں حفاظتی کٹس پہنچائیں گے۔ پنجاب کے75 اورسندھ کے 42 ہسپتالوں میں حفاظتی کٹس پہنچائیں گے۔ اپریل کےآخر میں 25 ہزار یومیہ ٹیسٹ کی کوشش کریں گے۔ جن ہسپتالوں میں 4 وینٹی لیٹرزہیں، ان کو ترجیحی بنیادوں پروینٹی لیٹر فراہم کریں گے۔ کفالت پروگرام کے ذریعے ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کی مالی معاونت کریں گے۔ کفالت پروگرام کے تحت جمعرات سے چیک تقسیم ہونا شروع ہو جائیں گے۔