لاہور میں کورونا وائرس سے کل 34 مریض صحت یاب

آج کے دن میو اسپتال میں 4 مریض کورونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہو گئے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 7 اپریل 2020 22:49

لاہور میں کورونا وائرس سے کل 34 مریض صحت یاب
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 اپریل 2020ء) لاہور میں کورونا وائرس سےکل 34 مریض صحت یاب ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق آج میو اسپتال میں چار مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔سروسز اسپتال میں زیر علاج ڈاکٹر عثمان بھی کورونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ کچھ دن قبل لاہور کے ڈاکٹر عثمان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

ڈاکٹر عثمان 14 دن سے سروسز اسپتال میں زیر علاج تھے۔ایم ایس سروسز اسپتال اس حوالے سے کہتے ہیں کہ ڈاکٹر عثمان کے تین ٹیسٹ کیے گئے جو منفی آئے،جس کے بعد انہیں ڈسچارج کر دیا گیا۔ ڈاکٹر عثمان لاہور میں کورونا سے متاثر ہونے والے پہلے ڈاکٹر ہیں،ڈاکٹر عثمان پی کے ایل آئی میں ڈیوٹی سر انجام دے رہے تھے جس دوران ان میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔

(جاری ہے)

تاہم 14 روز زیر علاج رہنے کے بعد وہ کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہو گئے جس کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دی گئی۔علاوہ ازیں میو اسپتال میں اب تک  کورونا کے 17مریضوں،پی کے ایل آئی سے 14 مریضوں جب کہ سروسز اسپتال سے اب تک 3مریضوں کو ڈسچارج کیا جا چکا ہے۔اس حوالے سے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان مریضوں کی رپورٹس پہلے مثبت آئی تھیں جب کہ بعد میں ان کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا جو منفی آیا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کر گئی، پنجاب میں تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر گئی، سندھ میں 938 کیسز رپورٹ، 54 افراد انتقال کر چکے، 28 کی حالت تشویش ناک۔ دوسری جانب معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے اموات کی شرح 1.4ہے، پاکستان میں اب تک 54 افراد انتقال کرچکے ہیں، جبکہ کورونا کے تشویشناک 28 مریض ابھی بھی آئی سی یو میں ہیں۔

انہوں نے وفاقی وزیر اسد عمر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ 24 گھنٹوں میں کچھ قرنطینہ سینٹرکےنتائج ہمارے ڈیٹا بیس سسٹم میں شامل کیے گئے۔ جس کے ساتھ ملک میں 3 ہزار 434 مصدقہ کیسز ہیں۔ بڑی تعداد ریکوری کی اسٹیٹ میں ہے۔ ملک میں429 افراد مکمل طور پرصحت یاب ہوچکے ہیں۔پچھلے 24 گھنٹوں میں577 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث اموات کی شرح 1.4ہے۔