امریکا میں مقیم 22 پاکستانی کرونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے

نیویارک میں واقع مسجد کے امام کے مطابق شہر میں کئی پاکستان جان کی بازی ہار چکے، انتقال کرنے والوں میں ڈاکٹرز بھی شامل ہیں

muhammad ali محمد علی بدھ 8 اپریل 2020 00:12

امریکا میں مقیم 22 پاکستانی کرونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اپریل2020ء) امریکا میں مقیم 22 پاکستانی کرونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے، نیویارک میں واقع مسجد کے امام کے مطابق شہر میں کئی پاکستان جان کی بازی ہار چکے، انتقال کرنے والوں میں ڈاکٹرز بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق امریکی شہر نیویارک میں مقیم احمد علی نامی خطیب و امام کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا گیا کہ نیو یارک شہر میں کرونا وائرس کے باعث حالات بہت تشویش ناک ہیں۔

احمد علی کا بتانا ہے کہ نیویارک میں اب تک 22 پاکستانی بھی کرونا وائرس کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ ان پاکستانیوں میں کچھ ڈاکٹرز بھی شامل ہیں۔ حالات بہت زیادہ تشویش ناک ہیں اس لیے جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی نماز جنازہ بھی بہت محدود انداز میں ادا کی گئی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ امریکہ میں مسلسل ساتویں روز بھی ایک ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔

مزید 1404 اموات کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 12 ہزار کا ہندسہ پار کر گئی، 19 ہزار 331 نئے کیسز رپورٹ۔ کرونا وائرس کی معلومات دینے والی عالمی میٹر کے مطابق امریکہ میں 14 سو 04 نئی ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 12 ہزار 275 تک جا پہنچی ہے۔ یہ مسلسل ساتواں روز ہے جب ایک ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی گئی ہیں جو کہ کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ تباہ کن اعداد و شمار ہیں۔

مزید بتایا گیا ہے کہ 19 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد امریکہ میں وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 3 لاکھ 86 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔تازہ اعداد و شمار کے مطابق وائرس زدہ 21 ہزار 671 افراد ایسے ہیں جو صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ وائرس سے متاثرہ افراد میں 9 ہزار 879 افراد ایسے ہیں جو کہ اس وقت تشویشناک حالت میں مبتلا ہیں۔