امریکہ کے بعد فرانس بھی کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کا شکار

ایک ہی دن میں مزید 1400سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ، 11 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر بدھ 8 اپریل 2020 07:45

امریکہ کے بعد فرانس بھی کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کا شکار
پیرس (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اپریل 2020ء) امریکہ کے بعد فرانس بھی کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کا شکار۔ ایک ہی دن میں مزید 1400سے زائد افراد ہلاک ہو گئے، 11 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ کے بعد فرانس میں بھی کورونا وائرس کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1 ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ فرانس میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1417 افراد موت کے منہ میں چلے گئے جس کے بعد ملک میں وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 10 ہزار 328 کی سطح کو پہنچ گئی ہے۔

تازہ اطلاعات کے مطابق فرانس میں 1 لاکھ 9 ہزار کورونا کے مریض زیر علاج ہیں۔ یاد رہے کہ فرانس کے علاوہ امریکہ میں بھی پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 33 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔

(جاری ہے)

تازہ اعداد و شمار کے مطابق اس وقت امریکہ وائرس سے متاثرہ ممالک میں سر فہرست ہے جہاں 4 لاکھ 412 افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر اسپین ہے جہاں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 لاکھ 41 ہزار 992 ہے۔ سب سے زیادہ وائرس سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں اٹلی تیسرے نمبر پر آتا ہے جہاں وائرس زدہ افراد کی تعداد 1 لاکھ 35 ہزار 586 ہے۔ چوتھے نمبر پر فرانس ہے جہاں متاثرہ افراد کی تعداد 1 لاکھ 9 ہزار 69 ہے جبکہ پانچویں نمبر پر پر جرمنی ہے جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 7 ہزار 663 ہے۔

مذکورہ پانچوں ممالک کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جہاں کیسز کی تعداد لاکھوں میں چلی گئی ہے اس کے علاوہ وائرس کا مرکز سمجھے جانے والے ملک چین میں مجموعی کیسز کی تعداد 81 ہزار 802 ریکارڈ کی گئی ہے۔ مہلک وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کا جائزہ لیا جائے تو اٹلی میں سب سے زیادہ 17 ہزار 127 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں اب تک۔ زیادہ ہلاکتوں والے ممالک میں اسپین دوسرے نمبر پر آتا ہے جہاں 14 ہزار 45 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

اس کے بعد تیسے نمبر پر امریکہ آتا ہے جہاں ہلاکتوں میں مسلسل اضافے کے بعد تعداد 12 ہزار 854 تک جا پہنچی ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ ہلاکتیں برداشت کرنے والے ممالک میں فرانس کا چوتھا نمبر ہے جہاں مہلک وائرس کا شکار ہو کر زندگی کی بازی ہار جانے والے افراد کی تعداد 10 ہزار 328 ہو چکی ہے۔ پانچویں نمبر پر برطانیہ ہے جہاں وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 6 ہزار 159 ریکارڈ کی گئی ہے۔ 
واضح رہے کہ عالمی سطح پر اب تک کورونا وائرس سے 82 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ متاثرین کی مجموعی تعداد 14 لاکھ 31 ہزار 689 تک پہنچ گئی ہے۔ وائرس زدہ 3 لاکھ سے زائد افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔