پمز ہسپتال میں ایک نرس سمیت 3 ڈاکٹروں میں کورونا وائرس کی تصدیق

متاثر ہونے والے ڈاکٹرز اور نرس کورونا آئیسولیشن وارڈ میں فرائض انجام دے رہے تھے اور اب نہیں دوسری جگہ آئیسولیٹ کر دیا گیا ہے

Khurram Aniq خُرم انیق بدھ 8 اپریل 2020 11:47

پمز ہسپتال میں ایک نرس سمیت 3 ڈاکٹروں میں کورونا وائرس کی تصدیق
اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-08 اپریل2020ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موجود پمز ہسپتال میں ایک نرس سمیت 3 ڈاکٹروں میں کوروناوائرس کی تصدیق ہو گئی ہے جس کے بعد انہیں آئسولیٹ کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر او ر نرس آئسولیشن وارڈ میں ڈیوٹی کر رہے تھے، علامات ظاہر ہونے پر ان کے ٹیسٹ کئےگئے، تصدیق ہونے کے بعد انہیں کسی الگ جگہ آئسولیٹ کر دیا گیا ہے۔

ہسپتال حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ 2 دنوں میں پمز ہسپتال میں کورونا وائرس کے 23 مریض آئیں ہیں جس میں ہسپتال کا عملہ بھی شامل ہے۔ جن افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو رہی ہے، انہیں قرنطینہ میں منتقل کیا جا رہا ہے تا کہ وبامزید لوگوں میں نہ پھیل سکے۔ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ پمز ہسپتال میں مقامی افراد کے ساتھ ساتھ دیگر شہروں سے بھی لوگ موجود ہیں، تمام افراد کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، ابھی تک اسلام آباد میں 92 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے جبکہ 1 مریض دم تور گیا تھا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ سندھ میں 18، پنجاب16، خیبرپختونخوا 18، بلوچستان 2 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد کورونا وائرس کے سبب جاں بحق ہو چکے ہیں۔ملک بھر میں کورونا وائرس کے سبب 58 افراد جاں بحق اور 4072 متاثر ہو چکے ہیں۔ پنجاب میں اس وقت کورونا کے2030، سندھ 986 اور خیبرپختونخوا میں 527 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ بلوچستان میں 206، گلگت بلتستان 212 اور آزاد کشمیرمیں کورونا کے19 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

متاثرہ افراد کےساتھ ساتھ اب ڈاکٹر بھی کورونا وائرس کا شکار ہونے لگ گئے ہیں۔ اس سے قبل کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں سے بھی ڈاکٹر کورونا وائرس کاشکار ہو چکے ہیں۔ اب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موجود پمز ہسپتال میں ایک نرس سمیت 3 ڈاکٹروں میں کوروناوائرس کی تصدیق ہو گئی ہے جس کے بعد انہیں آئسولیٹ کر دیا گیا ہے۔