کورونا کو شکست دینے کے بعد چین میں رونقیں دوبارہ لوٹ آئیں

76 روزہ لاک ڈائون ختم ہونے پر لوگوں کا جشن،تفریحی مقامات پر بھی رش لگ گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 8 اپریل 2020 11:53

کورونا کو شکست دینے کے بعد چین میں رونقیں دوبارہ لوٹ آئیں
ووہان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اپریل 2020ء) چین کے صوبہ ہوبی کے دارالحکومت ووہان میں کورونا وائرس کی وباء کے باعث 76 روزہ لاک ڈائون ختم کر دیا گیا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق صوبہ ہوبی کی حکومت کے مطابق چین میں کورونا وائرس کی وباء کے باعث لاک ڈائون کے نفاذ سے ملک میں 56 ملین افراد گھروں میں محصور تھے لیکن حالیہ ہفتوں میں مقامی سطح پر کورونا وائرس کے متاثرہ کیسز میں کمی کے بعد منگل کو چین میں پہلی بار کوئی ہلاکت نہیں ہوئی جس کے بعد ووہان میں لاک ڈائون ختم کر دیا گیا ہے لیکن ووہان کے رہائشی حکام کو فون ایپ پر اپنی صحت کا ریکارڈ ضرور دکھائیں کہ وہ انفیکشن نہیں پھیلا رہے تاہم جو لوگ بیمار ہیں یا کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے ساتھ رابطے میں ہیں انہیں قرنطینہ میں رہنا چاہیے۔

(جاری ہے)

اب چونکہ چین نے کورونا کو شکست دے دی ہے تو وہان سے لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد شہر کو کھول دیا گیا اور اس موقع پر لوگوں نے جشن بھی منایا۔کورونا کا گڑھ بننے والا وہان ایک بار پھر ہنستے بستے شہر میں تبدیل ہو گیا ہے۔گیارہ ہفتوں سے گھروں میں بند شہریوں میں نیا جوش دکھائی دے رہا ہے۔جب کہ لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد عوامی مقامات پر بھی رش لگ گیا ہے۔

صوبہ انہوئی کے ہانگشن پارک کی بھی چند تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں جس میں لوگوں کا رش دیکھا جا سکتا ہے۔شنگھائی کی مشہور بند واٹر فرنٹ پر ایک بار پھر سیاحوں اور شاپنگ کرنے والوں کا رش لگ گیا ہے۔
۔۔ واضح رہے کہ ووہان میں کورونا وائرس سے کوئی موت نہ ہونے اور لاک ڈائون کے اختتام سے امریکہ سمیت دیگر ممالک میں امید کی کرن نظر آئی ہے کہ سماجی فاصلوں سے اس وباء پر قابو پایا جاسکتا ہے لیکن دیگر ممالک میں لاک ڈائون ختم ہونے کے وقت کا اندازہ نہیں لگایا جا سکا ہے۔