ہنر سیکھنے والے افراد وقت ضائع کرنے کی بجائے انٹرنیٹ کے ذریعے اپنے شعبوں سے متعلق آگاہی حاصل کریں‘ چیئرپرسن سی ٹی آئی

دنیا کے مختلف ممالک میں کارپٹ مصنوعات کے ڈیزائن کی پسندیدگی سے آگاہی حاصل کی جائے ،نئے ڈیزائن تخلیق کریں‘ پرویز حنیف

بدھ 8 اپریل 2020 12:18

ہنر سیکھنے والے افراد وقت ضائع کرنے کی بجائے انٹرنیٹ کے ذریعے اپنے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2020ء) پاکستان کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف نے کہا ہے کہ ہنر سیکھنے والے اداروں سے منسلک طلبہ اور دیگر افراد وقت ضائع کرنے کی بجائے گھروں میں بیٹھ کر انٹرنیٹ کے ذریعے اپنے شعبوں سے متعلق آگاہی حاصل کریں،کورونا وائرس کی وباء کے خاتمے کے بعد ہم سب کو ایک نئے عزم او رولولے کے ساتھ میدان عمل میں آنا ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ سے منسلک طلبہ سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ پرویز حنیف نے کہا کہ انٹر نیٹ کے ذریعے دنیا کے مختلف ممالک میں کارپٹ مصنوعات کے ڈیزائن کی پسندیدگی سے آگاہی حاصل کی جائے اور نئے ڈیزائن تخلیق کئے جائیں اورنوجوانوں کے پاس اپنی صلاحیتیں منوانے کا بہترین موقع ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم نے ہرگز مایوس نہیں ہونا بلکہ اس وقت کو اپنی طاقت میں بدلنا ہے اور اس کیلئے ضروری ہے کہ ہمارا ایمان مضبوط ہو اور ہم خدا کے حضور اپنے گناہوں کی معافی بھی مانگیں۔

پرویز حنیف نے کہا کہ میںتمام ہنر سیکھنے والے طلبہ او ردیگر افرا د سے یہی کہوں گاکہ وہ گھروں میں بیٹھ کر انٹرنیٹ کے ذریعے اپنے شعبوں سے متعلق آگاہی حاصل کریں ۔انٹر نیٹ کے ذریعے مختلف ممالک میں دی جانے والی تعلیم بھی سیکھیں تاکہ عملی زندگی میں اپنے شعبے پر دستر س حاصل ہوسکے ۔انہوں نے تمام طلبہ کو ہدایت کی کہ وہ کورونا سے بچائو کیلئے گھروں تک محدود رہیں اور حکومت کی بتائی ہوئی حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا ہوں۔