امریکا میں کورونا وائرس نے اموات کا نیا ریکارڈ بنا لیا

امریکا میں ایک ہی دن میں کورونا وائرس سے تقریبا 2 ہزار افراد لقمہ اجل بن گئے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 8 اپریل 2020 12:11

امریکا میں کورونا وائرس نے اموات کا نیا ریکارڈ بنا لیا
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین -۔ 08 اپریل2020ء) امریکا میں کورونا وائرس نے اموات کا نیا ریکارڈ بنا لیا۔ امریکا میں ایک ہی دن میں کورونا وائرس سے تقریبا 2 ہزار افراد لقمہ اجل بن گئے۔تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس نے امریکا میں تباہی مچا دی ہے۔امریکا میں ایک ہی روز میں 1858 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔نیویارک میں 800سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔امریکا میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 12ہزار 854 تک پہنچ چکی ہے۔

جبکہ کورونا سے بیمار افراد کی تعداد 4 لاکھ412 ہو گئی۔3 لاکھ 65 ہزار 884 کورونا کے مریض اب بھی امریکا بھر کے اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں جن میں سے 9 ہزار 169 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 21 ہزار 674 کورونا مریض اب تک صحت یاب ہوئے ۔نیوریارک میں تین ہزار بستروں پر مشتمل ایک نیا عارضی اسپتال بھی قائم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

حکام نے جلد ایک لاکھ دس ہزار وینٹی لیٹرز دینے کی بھی یقین دہانی کروائی ہے۔

افریقی امریکی سب سے زیادہ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ، وینٹی لیٹرز کم پڑنے کے سبب حاملہ خواتین، ہیلتھ ورکرز اور سیاستدانوں کو ترجیح دینے کا منصوبہ بنایا گیا ۔گرچہ نئے تخمینے کے مطابق امریکا میں ہلاکتوں میں کمی آئے گی تاہم اگست تک 82 ہزار افراد کی کورونا کے باعث ہلاکتوں کا خدشہ بھی ہے۔دوسری جانب  کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کی خبر عام کرنے والے امریکی بحری بیڑے کے کپتان کو برطرف کرنے والے قائم مقام سیکرٹری ٹامس موڈلی نے اپنے عہدہ سے استعفٰی دے دیا۔

طیارہ بردار جنگی بحری جہاز یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ کے کپتان بریٹ کروزیئرکو جہاز پر تعینات ہزاروں اہلکاروں کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے پر مدد طلب کرنے کے لئے لکھے گئے خط کو میڈیا کو جاری کرنے پر ان کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا تھا۔