شاہ محمود قریشی کا سنگا پور کے وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ ،ونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے پر گفتگو

دونوں وزرائے خارجہ کا عالمی وبائی چیلنج سے نمٹنے اور دیگر اہم امور پر مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کرونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے سنگاپور کی طرف سے بنائی گئی موبائل ایپلیکیشن ٹریس ٹو گید رقابل تحسین ہے، پاکستان بھی استفادہ کررہاہے ، شاہ محمو قریشی

بدھ 8 اپریل 2020 12:37

شاہ محمود قریشی کا سنگا پور کے وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ ،ونا وائرس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2020ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بدھ کو سنگاپور کے وزیر خارجہ وویان بالا کرشنن سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس عالمی چیلنج سے نبرد آزما ہونے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کرونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے، سنگا پور نے جس مہارت کے ساتھ بروقت اقدامات اٹھائے ہیں وہ قابل تحسین ہیں ۔

وزیر خارجہ نے سنگاپور میں مقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے خصوصی معاونت فراہم کرنے پر سنگاپور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ سنگاپور کے وزیر خارجہ نے اپنے شہریوں کو وطن واپسی میں مدد فراہم کرنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا ۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے اپنے ہم منصب کو اس وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی کاوشوں سے بھی آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ کرونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے سنگاپور کی طرف سے بنائی گئی موبائل ایپلیکیشن ٹریس ٹو گید رقابل تحسین ہے اور پاکستان سنگاپور کے اس کامیاب تجربے سے استفادہ حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اس عالمی وبائی تناظر میں، کم وسائل کی حامل معیشتوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اسی صورت حال کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان نے ترقی پذیر ممالک کے واجب الادا قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ کی تجویز دی ہے تاکہ یہ ممالک اپنے وسائل اس عالمی آفت سے موثر انداز میں نمٹنے اور قیمتی انسانی جانوں کو بچانے کیلئے بروئے کار لا سکیں ۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہمیں توقع ہے کہ سنگاپور اس تجویز کو آگے بڑھانے میں ہماری بھرپور معاونت کریگا ۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سنگاپور دورے کی دعوت دینے پر، اپنے ہم منصب ڈاکٹر بالا کرشنن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ صورت حال میں بہتری آنے پر، جلد سنگاپور کا دورہ کریں گے۔دونوں وزرائے خارجہ نے اس عالمی وبائی چیلنج سے نمٹنے اور دیگر اہم امور پر مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ۔