دُبئی میں ایک حجام کی پولیس کے خوف سے بھاگنے کی ویڈیو وائرل

ایک غیر ملکی حجام ایک ویران سڑک پر اپنے گاہک کے بال کاٹ رہا تھا، جب وہ ایک شخص کو پولیس اہلکار سمجھ کروہاں سے بھاگ اُٹھا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 8 اپریل 2020 12:31

دُبئی میں ایک حجام کی پولیس کے خوف سے بھاگنے کی ویڈیو وائرل
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8 اپریل 2020 ء) اماراتی مملکت میں کورونا کے مریضوں کی گنتی میں دھڑا دھڑ اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے عوام اور حکومت میں بہت تشویش پائی جاتی ہے۔ لوگوں کو گھروں تک محدود رکھنے کے خاطر ہی دُبئی میں 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ کیا گیا ہے جس کے دوران ڈس انفیکشن مہم کے تحت جراثیم کُش سپرے اور صفائی سُتھرائی کا کام بھی جاری ہے۔

مملکت بھر میں تمام کاروباری اور تجارتی مراکز بند کر دیئے گئے ہیں، جن میں باربر شاپس اور بیوٹی پارلرز بھی شامل ہیں۔ اس عارضی بندش کی وجہ سے جہاں حجاموں کی کمائی ختم ہو گئی ہے، وہیں پر وہ لوگ بھی پریشان ہیں جنہیں بڑھے ہوئے بال کٹوانے ہیں یا وہ حجاموں سے شیو بنوانے کے عادی ہیں۔ اکثر حجام چھُپ چھُپا کر اپنا کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایسے ہی ایک غیر ملکی حجام کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، جو دُبئی کی ایک سنسان مقام پر بسوں کے پچھلی جانب اپنے گاہک کو کُرسی پر بٹھا ئے بہت تسلّی کے ساتھ اس کے بال تراش رہا ہے، قریب ہی موجود کوئی شخص اس کی ویڈیو بھی بنا رہا ہے۔

اچانک اسے دُور سے کوئی شخص آتا دکھائی دیتا ہے، جس پر سیکیورٹی اہلکار کا گمان ہوتا ہے۔ بس اتنا دیکھنے کی دیر تھی کہ حجام نے اپنا کام ادھورا چھوڑ کر وہاں سے دوڑ لگا دی۔ جبکہ اس کا گاہک بھی کُرسی پر بیٹھا پریشانی سے دائیں بائیں دیکھنے لگتا ہے اور پھر وہ بھی وہاں سے بھاگ کھڑا ہوتا ہے۔ ویڈیو پوسٹ کرنے والے نے بتایا ہے کہ جس شخص کو سیکیورٹی اہلکار سمجھا گیا تھا، وہ ایک مقامی باشندہ تھا۔

جس کا لباس سیکیورٹی اہلکاروں سے ملتا جُلتا تھا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہو رہی اور لوگوں کی جانب سے انتہائی دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ یقینا باربر شاپس بند ہونے سے لوگوں کو بال کٹوانے میں شدید دُشواری کا سامنا ہے، اگرباربر شارپس پر مزید چند روز پابندی عائد رہی تو ہر طرف لمبے اور اُلجھے ہوئے بالوں والے ملنگ ہی نظر آئیں گے۔ حکومت کو باربر شاپس پر سے پابندی کے حوالے سے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔

متعلقہ عنوان :