پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے فیسوں میں کمی کا حکومتی فیصلہ مسترد کر دیا

آل پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے حکومتی فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا

Khurram Aniq خُرم انیق بدھ 8 اپریل 2020 12:32

پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے فیسوں میں کمی کا حکومتی فیصلہ مسترد ..
کراچی(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-08 اپریل 2020ء) ملک بھر میں اس وقت کورونا وائرس کے خوف پھیلنے کی وجہ سے لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے جس کے بعد وقت سے قبل ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں تعطیلات کا اعلان کر دیاگیا تھا جس کے بعد بچوں کی فیسوں کے معاملے کو لے کر کافی بحث جاری تھی۔ اسی سلسلے میں پہلے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نےاعلان کیا تھا کہ پنجاب بھر کے نجی تعلیمی ادارے 20 فیصد کم فیس لیں گے اور کسی استاد کو نوکری سے نکالنے کی اجازت بھی نہیں ہو گی۔

پنجا ب کے بعد سندھ حکومت کی جانب سے بھی یہی اعلان کیا گیا تھا۔ لیکن اب پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کی جانب سے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا گیا ہے کہ وہ حکومتی فیصلے کو نہیں مانیں گے۔ اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے آل پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے رہنما کاشف مرزا نے کہا کہ اسکولز فیسوں میں 20 فیصد کمی کے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہیں، حکومت کے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سندھ پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے رہنما سید حیدر علی کا کہنا تھا کہ اسکول فیسوں کا معاملہ بہت حساس ہے، صوبے میں پہلے ہی 10 فیصد مفت تعلیم دے رہے ہیں لہٰذا اسکول فیسوں میں 20 فیصد کمی نہیں کرسکتے، فیس میں 20 فیصد کمی کاحکم عدالت میں چیلنج کریں گے۔اس وقت یوں محسوس ہو رہا ہے کہ جیسے پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن اور حکومت ایک دوسرے کے آمنے سامنےآ گئے ہیں جس کے بعد فیسوں کے معاملے پر بچوں کے والدین کو پریشانی کاسامنا کرنا پڑے گا۔

والدین کی جانب سے بھی درخواست کی گئی تھی کہ چونکہ اس وقت ملکی حالات مناسب نہیں ہیں اور لوگوں کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اس لئے یا تو ہمارے بچوں کی فیسوں میں کمی کی جائے یا ہر مہینے وصول کی جائے۔ والدین کی درخواست کومدنظر رکھتے ہوئے ہی پنجاب اور سندھ حکومت نے 20 فیصد کمی کا اعلان کیا تھا لیکن اب آل پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا۔