پاکستان اوراٹلی کے درمیان فاضل تجارتی حجم میں 15.59 فیصد اضافہ

بدھ 8 اپریل 2020 13:04

پاکستان اوراٹلی کے درمیان فاضل تجارتی حجم میں 15.59 فیصد اضافہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2020ء) اٹلی اورپاکستان کے درمیان فاضل تجارتی حجم میں آٹھ ماہ کے دوران 15.59 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔پاکستان بیوروبرائے شماریات کے مطابق جولائی 2019ء سے لیکرفروری2020ء تک کی مدت میں اٹلی کو524.61 ملین ڈالرمالیت کی برآمدات کی گئیں،یہ شرح گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 3.59 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں اٹلی کوپاکستانی برآمدات کاحجم 508.363 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔

(جاری ہے)

اعدادوشمارکے مطابق اسی عرصہ میں اٹلی سے درآمدات میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں اٹلی سے درآمدات پر پاکستان نے 398.036 ملین ڈالرکازرمبادلہ صرف کیا،گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں اٹلی سے درآمدات پرپاکستان نے 398.867 ملین ڈالرکازرمبادلہ صرف کیا تھا۔اس عرصہ میں اٹلی کو فاضل تجارت کے حجم میں 15.59 فیصد کااضافہ دیکھنے میں آیا ہے، مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں اٹلی کوفاضل تجارت کا حجم 126.57 ملین ڈالرریکارڈکیا گیا، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں اٹلی کوفاضل تجارت کاحجم 109.49 ملین ڈالر ریکارڈکیا گیاتھا۔

متعلقہ عنوان :