کشمیر کے مسئلے پر چین کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں موجود ہے، چین

بدھ 8 اپریل 2020 13:22

کشمیر کے مسئلے پر چین کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، کشمیر اقوام ..
اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2020ء) اقوام متحدہ میں چینی مشن کے ترجمان نے چین کی جانب سے سلامتی کونسل کی میزبانی کے دوران بھارتی میڈیا کے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر فوری غور کرنے کے پاکستانی مطالبے کو نظرانداز کرنے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کے مسئلے پر چین کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے بلکہ کشمیر کا مسئلہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں موجود ہے۔

چینی مشن کے ترجمان نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ چین نے کشمیر کی موجودہ صورتحال پر بہت قریب سے جائزہ لیا ہے اور یہ کہ کشمیر کے مسئلے پر چین کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر تارخی مسئلہ ہے جسے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں اور دوطرفہ معاہدوں کے مطابق مناسب اور پرامن طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین کشمیر کی صورتحال کو پیچیدہ بنانے والے یک طرفہ اقدامات کی مخالفت کرتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ چینی سفیر زہانگ نے سلامتی کونسل کے صدر کی حیثیت سے فوری طور پر پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا خط کونسل کی سرکاری دستاویز کے طور پر سرکولیٹ کیا جس میں بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں سنگین خلاف ورزیوں پر روشنی ڈالی گئی۔ ترجمان نے کہا کہ کونسل کے صدر کی حیثیت سے اپنے فرائض کے تحت خط کا فوری جواب دیا تھا اور کارروائی کی تھی۔ یہ خط اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم کی جانب سے 10 مارچ کو سلامتی کونسل کو ارسال کیا گیا۔