کورونا نے دنیا بھر میں 14 لاکھ سے زائد افراد کو جکڑ لیا،81ہزارہلاکتیں

اسپین میں مزید 556زندگیاں گل،ایک لاکھ چالیس ہزار متاثر،بیلجیم،سوئیڈن اورنیدرلینڈ میں بھی سیکڑوں ہلاکتیں رپورٹ

بدھ 8 اپریل 2020 14:03

کورونا نے دنیا بھر میں 14 لاکھ سے زائد افراد کو جکڑ لیا،81ہزارہلاکتیں
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2020ء) کورونا وائرس نے دنیا بھر میں14لاکھ سے زیادہ افرادکو جکڑ لیا ہے۔ اب تک81ہزار سے زائد مریض موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔ وائرس نے امریکا اور یورپ کو بھیانک صورت حال میں دھکیل دیا۔فرانسیسی خبر ایجنسی کے مطابق یورپ میں اٹلی اور اسپین کے بعد کورونا وائرس نے اب فرانس پر پنجہ گاڑھا ہے جہاں ایک ہی دن میں 1400 اموات کا خوفناک ہندسہ سامنے آیا ہے۔

اب تک 10 ہزار سے زائد زندگیاں جاچکی ہیں اور مریضوں کی تعداد میں فرانس اب چوتھے نمبر پر ہے۔دوسری جانب اسپین میں وائرس نے 556 زندگیاں چھین لیں اور اب ایک لاکھ 40 ہزار مریضوں کے ساتھ وہ دنیا میں دوسرے نمبر پر آگیا اور اموات 14 ہزار کے قریب پہنچ گئیں۔ اٹلی میں بھی مزید 604 لوگ جان سے گئے۔

(جاری ہے)

برطانیہ مسلسل بدترین حالت کا شکار ہے، 786 افراد ایک روز میں زندگی گنوا بیٹھے۔

بیلجیم میں 400، نیدر لینڈز میں 203، سوئیڈن میں 114 اموات سامنے آئیں۔ادھر امریکا میں وائرس نے ایک روز میں 1400 سے زیادہ زندگیاں چھین لیں، صرف ریاست نیویارک میں 781 افراد جان سے گئے، نیویارک میں مجموعی طور پر 5 ہزار 800 سے زائد اموات کے بعد صورت حال اتنی بگڑ گئی ہے کہ انتظامیہ نے پارکس میں دس دس تابوت ایک ساتھ سپرد خاک کرنے کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔