محکمہ خوراک کے گندم کے تمام خریداری مراکز پر انسپکشن بکس کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت

بدھ 8 اپریل 2020 14:07

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2020ء) محکمہ خوراک کے گندم کے تمام خریداری مراکز پر انسپکشن بکس کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی گئی ہے تاکہ رواں ماہ کے آخر میں شروع ہونے والی گندم کی خریداری مہم کے دوران پرچیز سنٹر ز پر مختلف افسران کے اچانک دوروں کے دوران سامنے آنیوالی کمیوں و کوتاہیوں کو دور کیا جاسکے۔

فیصل آباد کے ڈویژنل کمشنر عشرت علی نے میڈیا کو بتایا کہ ڈویژنل ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ سے کہا گیاہے کہ وہ ڈویژن بھر کے چاروں اضلاع فیصل آباد ، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ میں گندم خریداری کے تمام سنٹرز کا وزٹ کریں اوروہاں انسپکشن بُک کی موجودگی کویقینی بنائیں تاکہ سنٹر میں سامنے آنے والی کمی وکوتاہیوں کو دور کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈی سیز سے کہا کہ باردانہ کی منصفانہ اورشفاف تقسیم کے علاوہ گندم کے کاشتکاروں کی آسانی وسہولت کیلئے ریونیو سٹاف کی حاضری کویقینی بنایا جائے اورگندم کی خریداری مہم میں ایسی مؤثر حکمت عملی وضع کریں کہ سنٹرز پر لمبی لمبی قطاروں سے بچا جاسکے۔

ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں گندم کے کاشتکاروں کے مفادات کا ہرممکن خیال رکھتے ہوئے انہیں خریداری مہم میں آسانیاںفراہم کی جائیں گی اورمڈل مین اور آڑھتیوں کی سختی سے حوصلہ شکنی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔